Live Updates

’یہ غلامی کی آخری حد ہے‘ خیبرپختونخواہ حکومت کی ٹرمپ کی نوبیل انعام کیلئے نامزدگی کی مخالفت

شہباز شریف کے نوبیل انعام یافتہ صدر ٹرمپ نے ایران کے معصوم شہریوں پر براہِ راست حملہ کیا، شہباز شریف خوشامد چھوڑ کر ’ایبسولیوٹلی ناٹ‘ کہنے کی ہمت پیدا کریں؛ مشیراطلاعات بیرسٹر سیف کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 22 جون 2025 12:35

’یہ غلامی کی آخری حد ہے‘ خیبرپختونخواہ حکومت کی ٹرمپ کی نوبیل انعام ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون 2025ء ) خیبرپختونخواہ حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل انعام کیلئے نامزد کرنے کی مخالفت کردی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے نوبیل انعام یافتہ صدر ٹرمپ نے ایران کے معصوم شہریوں پر براہِ راست حملہ کیا، ٹرمپ کی نوبیل انعام کے لیے نامزدگی غلامی کی آخری حد ہے، شہباز شریف خوشامد چھوڑ کر ’ایبسولیوٹلی ناٹ‘ کہنے کی ہمت پیدا کریں، اقتدار کے لیے خوشامد کی بجائے قیدی نمبر 804 بن جانا کہیں بہتر ہے۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف خوشامد ضرور کریں مگر ملکی و قومی مفادات کا بھی خیال رکھیں، شہباز شریف کے نوبیل انعام یافتہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر براہِ راست حملہ کیا، صدر ٹرمپ نے 8 مرتبہ غزہ میں جنگ بندی کی قراردادوں کو مسترد کیا ہے، اب ایران اور اسرائیل میں ثالثی کے بجائے معصوم شہریوں پر حملے کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ جو مسلمانوں پر بم برسائے اسے نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنا ناقابلِ فہم ہے، خوشامد کی بھی کوئی حد ہوتی ہے، شہباز شریف کے لیے یہ باعثِ شرم ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کی نوبیل انعام کے لیے نامزدگی غلامی کی آخری حد ہے، شہباز شریف خوشامد چھوڑ کر ’ایبسولیوٹلی ناٹ‘ کہنے کی ہمت پیدا کریں کیوں کہ اقتدار کے لیے خوشامد کی بجائے قیدی نمبر 804 بن جانا کہیں بہتر ہے، عمران خان ’ایبسولیوٹلی ناٹ‘ پالیسی کی بدولت ہی عوام کے دلوں میں بسا ہوا ہے، انہوں نے کبھی امتِ مسلمہ کے خون کا سودا نہیں کیا، عمران خان نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کی عزت، وقار اور سربلندی کے لیے سوچا۔                                      
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات