Live Updates

اسرائیلی حملے غیر قانونی ہیں، ایران کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں، نائب وزیراعظم

اسرائیل کی جارحیت ایک خطرناک کشیدگی کی نمائندگی کرتی ہے اور یہ نا صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے؛ او آئی سی کے اجلاس میں خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 22 جون 2025 12:43

اسرائیلی حملے غیر قانونی ہیں، ایران کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتے ..
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون 2025ء ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے غیر قانونی ہیں، ایران کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کے جائز حقِ دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے، خاص طور پر اسرائیل کی جانب سے کی گئی بلااشتعال اور کھلی جارحیت کے تناظر میں۔

نائب وزیراعظم نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملے اُس وقت کیے جب بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) ایران میں اپنی نگرانی اور تصدیقی سرگرمیاں انجام دے رہی تھی اور ان حملوں کے ذریعے اسرائیل نے بین الاقوامی قانون، آئی اے ای اے کے آئین اور متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی کی، حملے ایک خطرناک نظیر قائم کرنے کا خدشہ رکھتے ہیں اور پورے خطے بلکہ دنیا بھر کی آبادیوں کے لیے شدید خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جارحیت ایک خطرناک کشیدگی کی نمائندگی کرتی ہے اور یہ نا صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کوئی انفرادی واقعہ نہیں بلکہ مشرقِ وسطیٰ بھر میں اسرائیل کے مسلسل جارحانہ طرزِ عمل کا حصہ ہے، میں امید کرتا ہوں کہ آج کا اجلاس نا صرف ایران کے ساتھ ہماری غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرے گا بلکہ یہ واضح پیغام بھی دے گا کہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیئے اور اس کی لاپرواہ جارحیت کو پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات