Live Updates

سندھ کی زمینوں پر قبضے، دریائے سندھ کے پانی پر کینال بنانے اور سندھ کے معدنی وسائل پر قبضے کے خلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی احتجاجی ریلی

سندھ کی زمینیں کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر لیز کی جا رہی ہیں اور وفاقی بجٹ میں آبی منصوبوں کے لیے رقوم مختص کر کے کینالوں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن، دونوں جماعتیں سندھ کے پانی پر ڈاکے میں برابر کی شریک ہیں۔ مٹیاری سے سکرنڈ تک جنگلات کی زمین بھی نجی کمپنیوں کے حوالے کر دیں

اتوار 22 جون 2025 20:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء) کارپوریٹ فارمنگ کے ذریعے سندھ کی زمینوں پر قبضے، دریائے سندھ کے پانی پر کینال بنانے اور وفاق کی جانب سے سندھ کے معدنی وسائل پر قبضے کے خلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام فوارہ چوک سے کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پارٹی سینئر نائب صدر روشن علی برڑو نے کی۔

احتجاج میں ایس یو پی کے سینئر رہنماوں، وکلا، خواتین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی مظاہرین نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم، مذمتی پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھی. مظاہرین نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سینئر نائب صدر روشن علی برڑو نے کہا کہ ایک طرف سندھ کی زمینیں کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر لیز کی جا رہی ہیں اور دوسری طرف وفاقی بجٹ میں آبی منصوبوں کے لیے رقوم مختص کر کے کینالوں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا جا رہا یے۔

(جاری ہے)

پنجاب نے چولستان، جلالپور اور چوبارہ نہری منصوبوں کے لیے اپنے بجٹ میں فنڈز رکھے ہیں۔ روشن برڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن، دونوں جماعتیں سندھ کے پانی پر ڈاکے میں برابر کی شریک ہیں۔ مٹیاری سے سکرنڈ تک جنگلات کی زمین بھی نجی کمپنیوں کے حوالے کر دی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کے اہم ترین قدرتی وسائل کو اقتدار کے حصول کے بدلے میں گروی رکھ دیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے قوم پرستوں کی پر امن تحریک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔ سندھ کے کڑوروں لوگ اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرنے کے لئیے تیار ہیں۔ پیپلز پارٹی صرف سندھ دشمن نہیں ملک دشمن بھی ہے۔ کارپوریٹ فارمنگ سندھ کے لوگوں کو اقلیت میں قبول کرنے کی سازش ہے جس کو ہم قبول نہیں کریں گے۔ سندھ کا ہر غیرت مند بچہ اپنی زمینوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگر آپ قوموں کے حقوق غصب کریں گے تو یہ ملک کے مفاد میں نہیں ہو گا۔اسٹیبلشمنٹ کو سمجھنا ہو گا کہ انہوں نے فارم 47 کے ذریعے پیپلز پارٹی کو جو حکومت دی ہے اس کو سندھ کے کڑوروں لوگ رد کر چکے ہیں۔ سندھ کے عوام کے وسائل کے تحفظ کے لیے سندھ یونائیٹڈ پارٹی پرامن احتجاج اور آئینی جدوجہد ہر صورت جاری رکھے گی۔ پارٹی جنرل سیکریٹری جگدیش آہوجا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی 12 لاکھ 60 ایکڑ زمین کمپنی سرکار کو دی جا رہی ہے۔

ہم سندھ کی زمینوں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے سندھ کی عوام کی مزاحمت نے کینالوں کے منصوبے کو رد کیا ہے۔ پارٹی کے نائب صدر امیر آزاد پھنور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی زمینوں غیر ملکیوں کمپنیوں کو دی جا رہی ہیں۔ سندھ کی زمینیں سندھ کی قومی ملکیت ہیں۔ سندھ کی زمینوں کے وارث سندھ کے لوگ ہیں۔ پیپلز پارٹی اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئیے سندھ کی زمینوں کا سودا کر رہی ہے۔

سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات خواجہ نوید امین ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ کے ذریعے سندھ کی زمینیں نیلام کر کے سندھ کے عوام کو اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ سندھ کی زمینیں کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر بااثر افراد کو دی جا رہی ہیں اور مقامی لوگوں کو بے دخل کیا جا رہا ہے جو کہ ناقابل قبول ہے۔ کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر سندھ کے دریا اور خوراک پر قبضہ کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔

سندھ یونائیٹڈ لائرز فورم کے صدر عاقب راجپر ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران سندھ کے عوام کو جھوٹے دلاسے دے کر سندھ کی لاکھوں ایکڑ اراضی زمین کو تین وال کر رہے ہیں۔ ایس یو پی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر علی نواز گبول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اپنی بقاکے لیے دریائے سندھ پر نہروں اور کارپوریٹ فارمنگ کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔

جمعیت علمائے اسلام شیرانی سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری عابد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام ایسے منصوبوں کو برداشت نہیں کر سکتے۔ ریلی سے ایس یو پی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری رمضان برڑو، کراچی ڈویژن کے سیکریٹری منیر مگسی، ایس یو پی رہنما غلام مصطفی چانڈیو، خادم برڑو، روی راجویر، سندھ یونائیٹڈ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنما وقار چولیانی، سندھ یونائیٹڈ لیڈیز ونگ کی رہنما ماروی و دیگر نے خطاب کیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات