Live Updates

پاکستان ایران کے ساتھ کھڑا ہے،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

اتوار 22 جون 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہےکہ پاکستان اسرائیل کی بلااشتعال اور بلاجواز جارحیت کے خلاف اپنے برادر ملک ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔اتوار کو نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور خطے میں ممکنہ کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں ایک بڑی جنگ کے خطرات حقیقی ہیں۔انہوں نے فوری طور پر جنگ بندی اور دشمنی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بحران نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ روابط مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ہماری دو طرفہ تعلقات خطے کے چیلنجز کے پیشِ نظر مزید گہرے ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا وجود خطے کے امن کے لیے مسلسل خطرہ ہے۔ اسرائیل کے ساتھ امن کا تصور بذاتِ خود ایک تضاد ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کی نام نہاد ناقابلِ شکست حیثیت بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے،غزہ کے عوام کے حوصلے چٹان کی مانند مضبوط ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو یہ غلط فہمی چھوڑ دینی چاہیے کہ مسلمانوں پر بمباری اُن کے حوصلے پست کر سکتی ہے،ایسا کبھی نہیں ہوگا۔

بھارت کے مؤقف پر تبصرہ کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ بھارت خود کو عالمی اثرورسوخ کا حامل سمجھتا ہے مگر امریکہ کی ثالثی کو مسترد کرنا دراصل عالمی سفارت کاری میں اس کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی فوجی اور سفارتی برتری کے دعوے محض فسانے ثابت ہوئے ہیں۔ اُن کے اساطیری دعوے زمین بوس ہو چکے ہیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات