ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے قابل مذمت ، آئی اے ای اے کی زیر نگرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے،پاکستان

پیر 23 جون 2025 11:00

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) پاکستان نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے قابل مذمت ہیں، بین الاقوامی ادارہ برائے جوہری توانائی (آئی اے ای اے )کی زیر نگرانی تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے یواین سکیورٹی کونسل کے اجلاس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے یہ حملے کرکے ایک خطرناک مثال قائم کی جس سے پورے خطے کی آبادیوں کی حفاظت و سلامتی کو سنگین خطرہ لاحق ہو گیاہے،پاکستان اس مشکل وقت میں ایران کی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔پاکستانی سفیر نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف 13 جون سے جاری حملوں کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی سمجھتے ہوئے مسترد کرتے اور ان کی مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اےکی زیر نگرانی ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں، یہ حملے سلامتی کونسل اور آئی اے ای کی قراردادوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی انسانی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ ایرانی جوہری مسئلے کا پرامن اور دیرپا حل تلاش کرنے کے لئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے مطابق مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دینا چاہیے۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان نے قرارداد کے مسودے تیاری میں چین اور روس کی معاونت کی ،دیگر چیزوں کے علاوہ یہ قرارداد فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہے، تمام فریق مزید کشیدگی سے گریز کریں تاکہ شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے ، ایرانی جوہری معاملے کا ایسا سفارتی حل نکالا جائے جو تمام فریقوں کے لئے قابل قبول ہو۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ قرارداد کے مسودے کو سکیورٹی کونسل کی حمایت حاصل ہوگی ،پاکستان اس سلسلے میں کونسل کے تمام اراکین کے ساتھ تعمیری تعاون کےلئےتیار ہے۔سفیر نے کہا کہ پاکستان نے شروع سے ہی اصولی موقف اپنایا ہے،ہم اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ایران کو اپنے دفاع کے جائز حق کے لئے یکجہتی اور مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہیں، ایرانی جوہری تنصیبات پر غیر قانونی حملے کی بھی مذمت کرتے ہیں ۔سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ ہمیں صورتحال کو مزید قابو سے باہر ہونے سے روکنے کے لئے ابھی کارروائی کرنی چاہیے، سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے اور یہی اس اجلاس کا آفاقی پیغام ہے۔