Live Updates

ایران کا جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد جوابی کارروائی کا عزم

پیر 23 جون 2025 11:54

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) ایران اور اسرائیل نے پیر کی صبح ایک دوسرے پر فضائی حملے کئے ہیں جبکہ ایران نے امریکی جنگی طیاروں کی طرف سے تین جوہری تنصیبات پر گرائے گئے بنکر بسٹر بموں پر جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا۔ اے ایف پی کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے 13 جون کو اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی بمباری کو بڑی غلطی قرار دیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ صہیونی دشمن کو اس وقت سزا دی جا رہی ہے۔ پیر کی صبح اسرائیل اور ایران میں فضائی حملوں کے سائرن بجائے گئے ۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے چین پر زور دیا کہ وہ ایران کو آبنائے ہرمز کو بند کرنے سے روکنے میں مدد کرے، جو ایک اہم تجارتی راستہ ہے جس سے عالمی تیل کی پیداوار کا پانچواں حصہ گزرتا ہے۔

(جاری ہے)

ایران کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں کے خلاف کارروائی کی دھمکیوں کے بعد محکمہ خارجہ نے بیرون ملک امریکی شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے عالمی الرٹ جاری کیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے سکیورٹی الرٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل ایران جنگ کے نتیجے میں سفر میں رکاوٹیں آتی ہیں اور مشرق وسطیٰ میں وقتاً فوقتاً فضائی حدود کی بندش ہوتی ہے۔ بیرون ملک امریکی شہریوں اور مفادات کے خلاف مظاہروں کا امکان ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ نے اصفہان اور نطنز میں جوہری تنصیبات کے ساتھ ساتھ فردو میں زیر زمین یورینیم افزودگی کے ایک اہم مقام پر امریکی حملوں کا کوئی ذکر نہیں کیا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات