چیچہ وطنی،ڈپٹی کمشنر ساہیوال نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے کلینک آن ویل پروگرام کا افتتاح کیا

پیر 23 جون 2025 12:32

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود نے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال چیچہ وطنی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے کلینک آن ویل پروگرام کا افتتاح کیا، اسسٹنٹ کمشنرنرجس خاتون جعفری ، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سابق ایم این اے چودھری محمد طفیل، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عبدالمجید نیازی،پروگرام کوارڈی نیٹرڈاکٹر محمد احسن ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاظم حیات وتھرا اورڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عاصم وقار نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے فیتہ کاٹ کر وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام کلینک آن ویلز کا افتتاح کیا اور پروگرام کیلئے مختص 6،ایمبولینسز محکمہ صحت کے حوالے کیں۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کلینک آن ویلز پروگرام شروع کرنے کا مقصد لوگوں کو صحت کی سہولیات انکی دہلیز پر فراہم کرنا ہے،پہلے مرحلہ میں تحصیل چیچہ وطنی کو6،ایمبولینسز فراہم کی جارہی ہیں جن میں حسب ضرورت اضافہ بھی کیا جائیگا،انہوں نے مزید بتایا کہ کلینک آن ویل میں زچہ بچہ کے ٹیسٹ کی سہولیات بھی میسر ہونگی،ڈاکٹر ،ڈسپنسر اورویکسی نیٹر بھی ایمبولینس میں موجود ہوگا۔