Live Updates

اسرائیل کا جنگ کیلئے فنڈز کا مطالبہ، اماراتی مشیر نے کھری کھری سنادیں

ایک انتہا پسند کی طرف سے اس طرح کی تجویز اخلاقی دیوالیہ پن کے سوا کچھ نہیں ہے جو کشیدگی کے نتائج کو سمجھنے سے قاصر ہے؛ صدر متحدہ عرب امارات کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 23 جون 2025 13:27

اسرائیل کا جنگ کیلئے فنڈز کا مطالبہ، اماراتی مشیر نے کھری کھری سنادیں
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2025ء ) اسرائیلی وزیر کی جانب سے ایران کیخلاف جنگ کیلئے خلیجی ممالک سے فنڈز کے مطالبے پر متحدہ عرب امارات نے کھری کھری سنادیں۔ العربیہ نیوز کے مطابق اسرائیلی وزیر خزانہ سموٹریچ نے ایران کے خلاف اسرائیل کی جنگ کے لیے خلیجی ممالک سے مالی امداد کا مطالبہ کیا، اس کے ردعمل میں صدر متحدہ عرب امارات کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے جواب دیا کہ اسرائیلی وزیرِ خزانہ بیزلیل سموٹریچ کا ایران کے خلاف اسرائیلی جنگ میں مدد کے لیے خلیجی ریاستوں سے مالی اعانت کا مطالبہ کشیدگی کے نتائج سے بے بہرہ ایک انتہا پسند اسرائیلی وزیر کے اخلاقی دیوالیہ پن کے سوا کچھ نہیں ہے۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر خزانہ سموٹریچ کی جرأت اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیل کی جنگ کے لیے خلیجی ممالک اور جرمنی، فرانس، برطانیہ سے مالی امداد کا مطالبہ کر رہے ہیں، ایک انتہا پسند کی طرف سے اس طرح کی تجویز اخلاقی دیوالیہ پن کے سوا کچھ نہیں ہے جو کشیدگی کے نتائج کو سمجھنے سے قاصر ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ساتھ دیگر خلیجی ریاستوں نے ایران پر گذشتہ ہفتے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے، امارات کی جانب سے خطے میں کشیدگی اور ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیل کے بعد اب امریکہ کے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے مقصد سے مشاورت کی اور علاقائی رہنماؤں سے رابطے کیے جب کہ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے بھی تنازعات کے حل کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات کو ترجیح دینے کی اہمیت پر زور دیا۔                                 
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات