معاشرہ میں قیام امن کیلئے اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے،علامہ مفتی اسحاق ساقی

پیر 23 جون 2025 15:17

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے کنوینیر سابق صوبائی خطیب اوقاف علامہ مفتی اسحاق ساقی کی قیادت میں اتحاد بین المسلمین کانفرنس کیلئے وفد سرگودھا پہنچ گیا۔ زونل خطیب قاری وقار عثمانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے وفد کا استقبال کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےمفتی محمد اسحاق ساقی نے کہا کہ معاشرہ میں قیام امن کیلئے اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے۔تمام مسالک کے جید علماء کرام پنجاب بھر کے دورے کرکے امن کمیٹیوں،ڈویژنل ضلعی انتظامہ سے میٹنگز کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کو پاکستان کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے۔تمام علماء کرام اور مشائخ عظام امن کیلئے حکومت پنجاب کے دست و بازو ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سالمیت کیلئے ضروری ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماء دنیا کو پیغام دیں کہ ہم سب متحد ہیں۔اس موقع پرکمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ عصر حاضر میں سوشل میڈیا کے مؤثر اور محتاط استعمال کی اشد ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے گردش کرنے والی معلومات پر یقین کرنا اور انہیں مزید پھیلانا معاشرتی انتشار کا سبب بن سکتا ہے، جس سے ہر فرد کو گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے علما کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات اور بیانات میں عوام کو اس پیغام سے آگاہ کریں کہ سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر اعتماد نہ کیا جائے اور ایسی معلومات کو آگے پھیلانے سے اجتناب برتا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام معاشرتی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، اس لیے وہ ممبر و محراب کے ذریعے ملک میں امن، اتحاد اور یگانگت کے پیغام کو عام کریں۔

کمشنر سرگودہا نے مزید بتایا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور وہ خود ریجنل پولیس آفیسر کے ہمراہ ڈویژن کے تمام اضلاع کا دورہ کر کے ان انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر علماء کرام اور مشائخ عظام کا کہنا تھاکہ محرم الحرام پر تمام مکاتب فکر کے علماء اور انتظامیہ ادارے ایک پیج پر ہیں۔

اس موقع پر کمیٹی میں شامل تمام علماء و مشائخ نے عاشورہ کے دوران ڈویژنل انتظامیہ و پولیس سے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے مذموم مقاصد ناکام بنانے کیلئے مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے۔ کانفرنس میں کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان ، ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر شہزاد آصف ، ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ ، ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف ایڈمنسٹریٹر اوقاف غلام مصطفیٰ پولیس و انتظامی افسران بھی موجود تھے جبکہ وفد میں صوبائی خطیب اوقاف پنجاب مولانا مختار ندیم،مولانا ارشد عابدی،مفتی ڈاکٹر محمد یونس رضوری،مفتی لیاقت علی رضوی، مفتی ضیاء مدنی،علامہ طاہرالحسن،مولانا ریاض احمد کھرل،مولانا سکندر حیات ذکی،مولانا شبیر احمد عثمانی بھی شامل تھے۔

کانفرنس میں ڈویژن و چاروں اضلاع کی امن کمیٹیوں کے ممبران بھی شریک ہوئے۔