موٹر وے پر سفر کے دوران شہر ی بیوی کو بھول کر گاڑی لیکر چلتا بنا، پولیس نے بحفاظت بیوی کوواپس ملوادیا

فیملی نماز کیلئے جڑانوالا سروس ایریا میں رکی شوہر نے نمازپہلے ختم کر لی جس کے بعد وہ کار میں بیٹھا اور چل پڑا،20کلو میٹر دور جا کر اس شخص کو خیال آیا کہ وہ اہلیہ کو تو سروس ایریا میں بھول گیا موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن پر کال کی اور مدد طلب کی،ترجمان موٹر وے پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 23 جون 2025 15:58

موٹر وے پر سفر کے دوران شہر ی بیوی کو بھول کر گاڑی لیکر چلتا بنا، پولیس ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جون 2025)موٹر وے پر سفر کے دوران شہر ی اپنی بیوی کوہی بھول کر گاڑی لیکر چلتا بنا، فیملی نماز کیلئے جڑانوالا سروس ایریا میں رکی جہاں شوہر نے اپنی نمازپہلے ختم کر لی جس کے بعد وہ کار میں بیٹھااور چل پڑا، ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق گوجرانوالا کا رہائشی ایک شخص اپنی اہلیہ کے ہمراہ کار میں کراچی کا سفر کررہا تھا جوموٹروے ایم 3جڑانوالہ سروس ایریا میں اپنی بیوی کو بھول کرگاڑی لیکر چلا گیا۔

ترجمان کے مطابق 20 کلو میٹر دور جا کر اس شخص کو  خیال آیا کہ وہ اپنی اہلیہ کو تو سروس ایریا میں ہی بھول گیا جس کے بعد اس شخص نے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن پر کال کی اور مدد طلب کی۔موٹر وے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ اس پر موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موٹروے پولیس افسران نے سروس ایریامیں خاتون کوڈھونڈ لیااورضروری تصدیق کرنے کے بعد باحفاظت بیوی کو شوہر کے پاس پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

خاتون کو ڈھونڈ کر شوہر کے پاس باحفاظت پہنچانے پر زونل کمانڈرڈی آئی جی نے پٹرولنگ پولیس کو شاباش دی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی موٹروے پولیس سینٹرل زون نے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے قومی شاہراہ سے ملنے والے 5 لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات اور 2 لاکھ 30 ہزار مالک کے حوالے کر دئیے تھے۔ترجمان موٹر وے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ساہیوال کے قریب فاروق نامی شہری کی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا تھا۔

شہری ٹائر تبدیل کرتے ہوئے زیورات اور نقدی قومی شاہراہ ہر بھول گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ شہری نے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر بیگ گمشدگی کی اطلاع دی تھی۔موٹروے پولیس نے قومی شاہراہ پر بیگ ڈھونڈ کر مالک کے حوالے کر دیا جس پر قیمتی بیگ مل جانے کے بعد شہری نے موٹروے پولیس کی ایمانداری کی تعریف کی تھی۔قبل ازیں بھی موٹر وے پولیس نے لاکھوں روپے کے زیورات تلاش کر کے مالک کے حوالے کر دیئے تھے۔

کراچی سے لاہور آنے والی بس میں ایک فیملی  کے ارکان اپنے زیورات  کا بیگ بس میں بھول کر بس سے اتر گئے تھے بعد میں انہیں یاد آیا کہ زیورات والا بیگ بس میں بھل گئے ہیں اور بس لاہور سے اگلی منزل کی طرف روانہ ہو گئی ہے تو اس فیملی نے موٹر وے پولیس سے مدد طلب کی تھی۔ فیملی نے زیورات کی گمشدگی کی شکایت موٹر وے پولیس کی  ہیلپ لائن 130 پر کی تھی۔

پیٹرولنگ آفیسرز عمران اور عمر نے سمندری کے قریب اس بس کو تلاش کر لئے اس اس بس میں موجود زیورات کا بیگ بھی تلاش کر لیاتھا۔ انہوں نے فوری طور پر زیورات کی مالک فیملی سے رابطہ کر کے انہیں زیورات کے مل جانے کے متعلق آگاہ کیا اور  زیورات حفاظت کے ساتھ لاہور واپس بھجوا دیئے تھے۔ 4 لاکھ روپے مالیت کے ملنے والے زیورات خاتون کو واپس کر دئیے گئے تھے۔ متاثرہ فیملی نے اپنی عید برباد ہونے سے بچانے پر موٹر وے پولیس کے آفیسرز کا شکریہ ادا کیا تھا۔