Live Updates

ایران پر امریکی حملے بے بنیاد اور بلا جواز ہیں، روس

پیر 23 جون 2025 17:06

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے ایران پر امریکی حملوں کو مکمل طور پر بے بنیاد اور بلا جوازقرار دیا ہے ۔ پیر کو ماسکو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات میں روسی صدر نے کہا کہ ایران پر امریکی حملے بلا اشتعال جارحیت ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا۔ رشیاٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا کے اقدامات ناجائز اور بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

صدر ولادی میر پیوٹن نے ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ روس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کو اہم مسائل پر بات کرنے اور موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لئے مل کر سوچنے کا موقع فراہم کرے گا۔ایرانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ وہ روسی صدر کی اس بات سے اتفاق کرتے کہ روس آج تاریخ اور بین الاقوامی قانون کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل میں اہداف پر حملہ کرکے ایران اپنی خودمختاری کا جائز طریقے سے دفاع کر رہا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات