Live Updates

کسان دشمن بجٹ اور چینی اسکینڈل نے حکومت کی نااہلی بے نقاب کر دی ہی: میاں رشید منہالہ

کسان دشمن پالسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو طوفان آئے گاتیاری جاری ہیں،صدر کسان بورڈ پنجاب

پیر 23 جون 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2025ء) کسان بورڈ پاکستان وسطی پنجاب کے صدر میاں رشید منہالہ نے وفاقی بجٹ 2025-26 اور حالیہ چینی برآمد و درآمد اسکینڈل کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ضلعی دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں مکمل طور پر کسان دشمن ہیں، اور ان کے نالائق وزراء و مشیران زراعت اور دیہی معیشت کو تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں زرعی آمدن پر ساڑھے 10 ارب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر کرنا، جو کہ پچھلے سال کی نسبت 200 فیصد زیادہ ہے، کسانوں کے لیے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ پنجاب میں کمرشل فارمز پر کارپوریٹ ٹیکس اور سپر ٹیکس کا نفاذ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کو دیوار سے لگانے کی سازش ہے۔

(جاری ہے)

میاں رشید منہالہ نے کہا کہ چینی کی برآمد سے پیدا ہونے والی قلت اور قیمتوں میں ہوشربا اضافہ حکومت کی مکمل نااہلی اور مافیا نوازی کا ثبوت ہے۔

ایک طرف ملک سے 7 لاکھ 65 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کر کے 112 ارب روپے کی آمدن ظاہر کی جا رہی ہے تو دوسری جانب اسی چینی کو دوبارہ مہنگے داموں درآمد کیا جا رہا ہے، جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس نقصان کا ازالہ عوام کیوں کریں یہ پیسہ ان وزیروں اور مشیروں کی جیبوں سے نکلوایا جائے جو مافیاز کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے وارننگ دی کہ اگر حکومت نے کسان دشمن پالیسیوں کا سلسلہ بند نہ کیا تو کسان بورڈ پورے ملک میں ایسا احتجاجی طوفان برپا کریں گے جس پر قابو پانا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی۔ ہم کسان برادری کے حقوق کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں اور ہر فورم پر حکومت کی نااہلی اور کرپشن کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات