Live Updates

پی آئی اے نے قطر، کویت، بحرین اور دبئی کیلئے فضائی آپریشن منسوخ کر دیا

ایران کے امریکی فوجی اڈوں پر جوابی حملوں کے بعد ہنگامی طور پر خلیجی ممالک کیلئے اپنی پروازیں منسوخ کر دیں

muhammad ali محمد علی پیر 23 جون 2025 22:57

پی آئی اے نے قطر، کویت، بحرین اور دبئی کیلئے فضائی آپریشن منسوخ کر دیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2025ء ) پی آئی اے نے قطر، کویت، بحرین اور دبئی کیلئے فضائی آپریشن منسوخ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق خلیجی ممالک میں جنگی صورتحال پیدا ہونے کے بعد پی آئی اے کی جانب سے ہنگامی اعلان کیا گیا ہے۔ ایران کے امریکی فوجی اڈوں پر جوابی حملوں کے بعد ہنگامی طور پر خلیجی ممالک کیلئے اپنی پروازیں منسوخ کر دیں۔ پی آئی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خلیجی ممالک میں جنگی صورتحال پیدا ہونے پر پروازیں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب قطر کے بعد متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے اپنی فضائی حدود بند کر دیں۔ قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملوں کے بعد دونوں خلیجی ممالک نے ہنگامی طور پر فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل امریکا کےایران پر حملے کے بعد مشرق وسطٰی کی صورتحال مزید کشیدہ ہو جانے پر قطر کی جانب سے ہنگامی فیصلہ کیا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق قطر نے ہنگامی طور پر اپنے ملک کی فضائی آمد و رفت معطل کرنے کا اعلان کیا۔

اس حوالے سے قطری حکام کا کہنا ہے کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث رہائشیوں اور مسافروں کی حفاظت کیلئے فضائی آمد و رفت معطل کر دی گئی، یہ فیصلہ عارضی ہے، خطے کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، قطر میں رہنے والے ہر شخص کی حفاظت ہمیں انتہائی عزیز ہے۔ جبکہ قطر کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد کچھ دیر بعد ہی قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کر دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے خلیجی ملک قطر میں امریکا کے فوجی اڈوں پر حملہ کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے دعوے کے مطابق ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر 6 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ قطر کے دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ ان حملوں کے بعد دوحہ میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا۔ قطر کے علاوہ عراق میں بھی امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بحرین میں بھی سائرن بج اٹھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران پر امریکی حملوں کے بعد ایران نے جوابی کاروائیوں کا آغاز کیا ہے۔ ایران نے امریکا کیخلاف جوابی حملوں کو "آپریشن بشارت الفتح" کا نام دیا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات