Live Updates

قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کا حملہ، وزیر اعظم کا اظہار تشویش

قطر کی عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہیں، کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے، شہباز شریف

muhammad ali محمد علی منگل 24 جون 2025 00:40

قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کا حملہ، وزیر اعظم کا اظہار تشویش
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون 2025ء ) قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کا حملہ، وزیر اعظم کا اظہار تشویش۔ تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملہ کیے جانے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے سفیر سے رابطہ کیا۔ وزیر اعظم نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کے میزائل حملے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ قطر کی عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہیں، کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے۔

جبکہ ایران کی جانب سے قطر میں امریکا کی العدید ائیربیس کو میزائلوں سے نشانہ بنانے پر سعودی عرب کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ " سعودی عرب قطر کے خلاف ایران کی جانب سے شروع کی گئی جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ایران کا قطر پر حملہ اچھی ہمسائیگی اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ ناقابل قبول ہے اور کسی بھی صورت اسے جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

" جبکہ قطر کے وزیردفاع کے مطابق دفاعی نظام نے امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کو روک دیا۔ میڈیا کے مطابق وزیردفاع قطر کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے کے بعد جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ایرانی اقدامات سے خطے میں سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچے گا، قطر کی فضائی حدود اور علاقہ محفوظ ہے۔ ایرانی میزائل حملوں میں کوئی ہلاکت یا زخمی نہیں ہوا۔

عرب میڈیا کے مطابق دوحہ میں ایئرڈیفنس سسٹ مفعال کردیا گیا۔ دوسری جانب حملوں کے بعد ترجمان پاسداران انقلاب نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔ ترجمان پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی اڈے پر حملے دوست اور برادر ملک قطر کیلئے خطرہ نہیں، العدید ایئربیس پر حملہ پاسدران انقلاب کی جانب سے کیا گیا۔ قطر میں امریکا کے زیرانتظام العدید ایئربیسن کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان آئی آرجی سی کے مطابق امریکی اڈے جنگ بھڑکانے والی حکومت کی کمزوری ہیں طاقت نہیں ۔ یاد رہے ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کر دیا۔ ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر 6 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ قطر کے دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ان حملوں کے بعد دوحہ میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا۔

قطر کے علاوہ عراق میں بھی امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بحرین میں بھی سائرن بج اٹھے۔ اس سے قبل امریکا کےایران پر حملے کے بعد مشرق وسطٰی کی صورتحال مزید کشیدہ ہو جانے پر قطر کی جانب سے ہنگامی طور پر اپنے ملک کی فضائی آمد و رفت معطل کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس حوالے سے قطری حکام کا کہنا تھا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث رہائشیوں اور مسافروں کی حفاظت کیلئے فضائی آمد و رفت معطل کر دی گئی، یہ فیصلہ عارضی ہے، خطے کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، قطر میں رہنے والے ہر شخص کی حفاظت ہمیں انتہائی عزیز ہے۔

قطر کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد کچھ دیر بعد ہی قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کر دیا گیا۔ جبکہ قطر کے بعد متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے اپنی فضائی حدود بند کر دی۔ قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملوں کے بعد دونوں خلیجی ممالک نے ہنگامی طور پر فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات