Live Updates

قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی پیشگی اطلاع دیے جانے کا انکشاف

ایران کی جانب سے العدید ائیربیس کو نشانہ بنانے سے قبل قطر اور امریکا کو آگاہ کر دیا گیا تھا، غیر ملکی خبر ایجنسی کا دعوٰی

muhammad ali محمد علی منگل 24 جون 2025 00:26

قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی پیشگی اطلاع دیے جانے کا انکشاف
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون 2025ء ) قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی پیشگی اطلاع دیے جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر ایجنسی رائیٹرز کی جانب سے قطر میں امریکی ائیر بیس پر ایران کے حملے سے متعلق بڑا دعوٰی کیا گیا ہے۔ رائیٹرز کے مطابق ایران کی جانب سے قطر میں العدید ائیربیس کو نشانہ بنانے سے قبل قطر اور امریکا کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔

ایران کی جانب سے سفارتی چینل کے ذریعے قطر اور امریکا کو حملے کی پیشگی اطلاع فراہم کی گئی۔ جبکہ قطر کے وزیردفاع کے مطابق دفاعی نظام نے امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کو روک دیا۔ میڈیا کے مطابق وزیردفاع قطر کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے کے بعد جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ایرانی اقدامات سے خطے میں سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچے گا، قطر کی فضائی حدود اور علاقہ محفوظ ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی میزائل حملوں میں کوئی ہلاکت یا زخمی نہیں ہوا۔ عرب میڈیا کے مطابق دوحہ میں ایئرڈیفنس سسٹ مفعال کردیا گیا۔ دوسری جانب حملوں کے بعد ترجمان پاسداران انقلاب نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔ ترجمان پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی اڈے پر حملے دوست اور برادر ملک قطر کیلئے خطرہ نہیں، العدید ایئربیس پر حملہ پاسدران انقلاب کی جانب سے کیا گیا۔

قطر میں امریکا کے زیرانتظام العدید ایئربیسن کو نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان آئی آرجی سی کے مطابق امریکی اڈے جنگ بھڑکانے والی حکومت کی کمزوری ہیں طاقت نہیں ۔ یاد رہے ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کر دیا۔ ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر 6 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ قطر کے دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

ان حملوں کے بعد دوحہ میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا۔ قطر کے علاوہ عراق میں بھی امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بحرین میں بھی سائرن بج اٹھے۔ اس سے قبل امریکا کےایران پر حملے کے بعد مشرق وسطٰی کی صورتحال مزید کشیدہ ہو جانے پر قطر کی جانب سے ہنگامی طور پر اپنے ملک کی فضائی آمد و رفت معطل کرنے کا اعلان کیا گیا۔

اس حوالے سے قطری حکام کا کہنا تھا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث رہائشیوں اور مسافروں کی حفاظت کیلئے فضائی آمد و رفت معطل کر دی گئی، یہ فیصلہ عارضی ہے، خطے کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، قطر میں رہنے والے ہر شخص کی حفاظت ہمیں انتہائی عزیز ہے۔ قطر کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد کچھ دیر بعد ہی قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کر دیا گیا۔ جبکہ قطر کے بعد متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے اپنی فضائی حدود بند کر دی۔ قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملوں کے بعد دونوں خلیجی ممالک نے ہنگامی طور پر فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات