Live Updates

دنیا کو مبارک ہو، امن کا وقت آ گیا ہے

ایران نے 14 میزائل داغے جن میں سے 13 کو مار گرایا، ایران کا شکریہ کہ حملے سے قبل ہی پیشگی اطلاع دے دی تھی، اب ایران اور اسرائیل خطے میں امن و استحکام کیلئے قدم بڑھائیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

muhammad ali محمد علی منگل 24 جون 2025 01:24

دنیا کو مبارک ہو، امن کا وقت آ گیا ہے
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون 2025ء ) امریکی صدر کا کہنا ہے کہ دنیا کو مبارک ہو، امن کا وقت آ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے قطر میں امریکی ائیربیس پر کیے جانے والے میزائل حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔ اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا ہے کہ دنیا کو مبارک ہو، امن کا وقت آ گیا ہے۔ خطے میں امن کیلئے امیر قطر کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے 14 میزائل داغے جن میں سے 13 کو مار گرایا، ایک میزائل کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا تھا اس لیے اسے نظرانداز کیا، امریکی حملوں پر ایران کا سرکاری جواب کافی کمزور تھا۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایران کا شکریہ کہ حملے سے قبل ہی پیشگی اطلاع دے دی تھی، ایران کی پیشگی اطلاع کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

اب ایران خطے میں امن و استحکام کیلئے قدم بڑھائے ۔

اسرائیل سے بھی یہی توقع رکھتا ہوں۔ اس سے قبل غیر ملکی خبر ایجنسی رائیٹرز کی جانب سے قطر میں امریکی ائیر بیس پر ایران کے حملے سے متعلق بڑا دعوٰی کیا گیا۔ رائیٹرز کے مطابق ایران کی جانب سے قطر میں العدید ائیربیس کو نشانہ بنانے سے قبل قطر اور امریکا کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔ ایران کی جانب سے سفارتی چینل کے ذریعے قطر اور امریکا کو حملے کی پیشگی اطلاع فراہم کی گئی۔

جبکہ قطر کے وزیردفاع کے مطابق دفاعی نظام نے امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کو روک دیا۔ میڈیا کے مطابق وزیردفاع قطر کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے کے بعد جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ایرانی اقدامات سے خطے میں سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچے گا، قطر کی فضائی حدود اور علاقہ محفوظ ہے۔ ایرانی میزائل حملوں میں کوئی ہلاکت یا زخمی نہیں ہوا۔

عرب میڈیا کے مطابق دوحہ میں ایئرڈیفنس سسٹم فعال کردیا گیا۔ دوسری جانب حملوں کے بعد ترجمان پاسداران انقلاب نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔ ترجمان پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی اڈے پر حملے دوست اور برادر ملک قطر کیلئے خطرہ نہیں، العدید ایئربیس پر حملہ پاسدران انقلاب کی جانب سے کیا گیا۔ قطر میں امریکا کے زیرانتظام العدید ایئربیسن کو نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان آئی آرجی سی کے مطابق امریکی اڈے جنگ بھڑکانے والی حکومت کی کمزوری ہیں طاقت نہیں ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات