Live Updates

ملاکنڈ ڈویژن میں سیلز ٹیکس کے خلاف تاجر وں کا احتجاج، 25جون کو شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان

مینگورہ میں ڈویژن بھر کے تاجر رہنماں کا بڑا جرگہ، احتجاجی ریلی، حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی ،اگلے مرحلے میں پہیہ جام ہوگا،صدر عبدالرحیم

منگل 24 جون 2025 02:45

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)وفاقی بجٹ 2025-26 میں ملاکنڈ ڈویژن پر 10 فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کی کال پر مینگورہ میں ایک بڑا تاجر جرگہ منعقد ہوا اور احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں ڈویژن بھر کے اضلاع سے تاجر تنظیموں کے صدور اور نمائندوں نے شرکت کی۔ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "سیلز ٹیکس نامنظور"، "ملاکنڈ کی آئینی حیثیت بحال کرو"، "ظالمانہ ٹیکس واپس لو" جیسے نعرے درج تھے۔

شرکا نے حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور سیلز ٹیکس کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔اس موقع پر ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر حاجی عبدالرحیم نے دو ٹوک اعلان کیا کہ 25 جون بروز منگل کو سوات، بونیر، دیر، چترال، باجوڑ، شانگلہ اور ملاکنڈ میں مکمل شٹر ڈان ہڑتال ہوگی، تمام تجارتی و کاروباری مراکز بند رہیں گے، اور اگر حکومت نے ٹیکس واپس نہ لیا تو اگلے مرحلے میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ وزیر اعظم شہباز شریف اور امپورٹڈ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو نہ ملاکنڈ کی خصوصی آئینی حیثیت کا علم ہے نہ عوامی احساسات کا۔ انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز کمیشن رپورٹ میں ملاکنڈ ڈویژن کا ذکر تک نہیں، مگر فاٹا اصلاحات کی آڑ میں ملاکنڈ کی آئینی حیثیت کو بھی چھیڑا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی صنعت کاروں پر سیلز ٹیکس نافذ کرکے پنجابی صنعتکاروں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے، جو کھلی ناانصافی ہے۔

عبدالرحیم نے کہا کہ ملاکنڈ کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف ڈھائی ہزار سے زائد قربانیاں دیں، اور اب ان سے آئینی شناخت چھینی جا رہی ہے، جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔تاجر جرگے میں شریک دیگر اہم رہنماں میں محمد زادہ صدربشام ،انورالدین صدر لوئر دیر ،زوار خان جنرل سیکرٹری ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈ رزفیڈریشن،فضل ربی صدر بونیر،شاکر اللہ صدر بٹ خیلہ،حمید خان صدر سخاکوٹ،حاجی زاہد خان صدر ہوٹل ایسوسی ایشن سوات،نور محمد خان صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سوات،خضر حیات صدر پیٹرولیم ایسوسی ایشن،ڈاکٹر خالد محمود ترجمان ٹریڈ فیڈریشن سوات نے نے متفقہ طور پر سیلز ٹیکس کے خلاف احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا۔

صدر عبدالرحیم نے حکومت کو 25 جون تک مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اگلا لائحہ عمل مزید سخت ہوگا، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات