پاکستان ریلوے مزدورں کی محنت سے چل رہا ہے،سی ای او ریلویز

وزیر اعظم اور وزیر ریلوے کی خصوصی توجہ سے ریلوے ترقی کی طرف گامزن ہے،عامر بلوچ

منگل 24 جون 2025 14:47

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اوروفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی خصوصی توجہ اور کاوشوں کا ثمر ہے کہ پاکستان ریلوے تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے،ریلوے ہماراقومی ادارہ ہے اور اسے ہم نے ہی بنانا اور سنوارنا ہے ،پاکستان ریلویز اور اسکی ایک ایک چیز ہماراقیمتی اثاثہ ہے جسکی حفاظت، فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے ہم نے ایمانداری سے دن رات محنت کرنی ہے جس میں اللہ تعالیٰ برکت ڈالیں گے اور اسی بدولت پہلے سے بہتری آئی ہے اور آتی جا رہی ہے جس میں ریلوے میں کام کرنے والے ہرآفیسر،ورکراور مزدور کی محنت کا عمل دخل ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریلوے پریم یونین سی بی اے کے مرکزی صدر صدر شیخ محمد انور کی قیادت میں ملک بھر سے پریم یونین کے ڈویژنل قائدین پر مشتمل ملکی سطح کے بڑے وفد سے خصوصی میٹنگ کے دوران کیا ،شیخ محمد انور نے سی ای او ریلوے کو ملازمین کے مسائل تفصیل سے پیش کیے، جن میں تنخواہوں کی تاخیر، ٹی اے کی عدم ادائیگی، بیواؤں کے واجبات، جی پی فنڈ، گریجویٹی، ٹیکنیکل کیٹیگریز میں الاؤنس کی منظوری اورسبی اسٹیشن پر شہید شنٹنگ پوٹر کی بیوہ کو واجبات ادائیگی شامل تھے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ریلوے مزدوروں کی محنت سے چل رہا ہے، مجھے تنخواہوں کی تاخیر کا احساس ہے، خوش آئند بات یہ ہے کہ سی ٹور کا مکمل چیک بینک میں جمع ہو گیا ہے۔ عامر بلوچ نے کہا کہ پریم یونین کے ساتھ ہمیشہ عزت و احترام کا تعلق رہا ہے اور مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔شیخ محمد انور نے ریلوے سے ایم او ڈی کے خاتمے، سی پی او کی تبدیلی اور روبینہ ناصر کی بطور سی ایچ او تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا۔

یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، اور تمام شرکاء نے سی ای او کے مثبت رویے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پریم یونین نے اُمید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت ادارے اور ملازمین کے لیے خوشحالی کا باعث بنے گی۔اس موقع پر ملک بھر سے پریم یونین کے ڈویژنل قائدین نے شرکت کی جن میں پشاور، راولپنڈی، لاہور، ملتان، سکھر، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام ریلوے زونز کے نمائندے شامل تھے۔مرکزی سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو، سینئر نائب صدر عبدالقیوم اعوان اور چیف آرگنائزر چوہدری خالد محمود بھی ملاقات میں موجود تھے۔