مرحومہ عائشہ آپا کے بچوں پر تہمت نہ لگائیں اس سے ان کو تکلیف ہوگی،حیرت ہے لوگ اپنے وی لاگ بنانے کیلئے کس طرح بات کو بڑھا دیتے ہیں، بشریٰ انصاری

عائشہ آپا کے بارے میں بات کرنے کی بجائے ان کے ایصال ثواب کیلئے دعا کیجئے، بہت سی باتیں کی جارہی ہیں جو سچ نہیں ہے،عائشہ آپا نے ملاقاتوں میں کبھی اپنے بچوں کے متعلق شکایت نہیں کی تھی، پاکستانی معروف اداکارہ نے مرحومہ اداکارہ کی زندگی سے متعلق بتادیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 24 جون 2025 13:11

مرحومہ عائشہ آپا کے بچوں پر تہمت نہ لگائیں اس سے ان کو تکلیف ہوگی،حیرت ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون 2025)حیرت ہوتی ہے لوگ اپنے وی لاگ بنانے کیلئے کس طرح بات کو بڑھا دیتے ہیں، پاکستان کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کامرحومہ اداکارہ عائشہ خان کی زندگی سے متعلق بتا دیا، ان کے بچوں پر تہمت نہ لگائیں اس سے بھی ان کو تکلیف ہوگی، عائشہ آپا کے بارے میں بات کرنے کی بجائے ان کے ایصال ثواب کیلئے دعا کیجئے۔

اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پراپنی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ میڈیا پر کچھ دنوں سے عائشہ خان آپا کے بارے میں سن رہی ہوں ان کی موت پر افسوس ہوا اور شرمندگی بھی ہے کہ ہم نے کیوں نہیں دیکھا۔اداکارہ بشریٰ انصاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے حیرت ہوتی ہے لوگ اپنے وی لاگ بنانے کیلئے کس طرح بات کو بڑھا دیتے ہیں اور بہت سی باتیں کررہے ہیں جو سچ نہیں۔

(جاری ہے)

میں نے 5 سال پہلے عائشہ آپا کے ساتھ کام کیا تھا اور بچوں کے حوالے سے بھی پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے بیرون ملک مقیم ہیں۔ بچے مجھے بولتے ہیں ہمارے پاس رہو لیکن میرا دل نہیں لگتا۔ بچے پیسوں کی بھی تنگی نہیں آنے دیتے اور میں کراچی میں اپنے حلقہ احباب کے ساتھ خوش ہوں۔گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے فلیٹ  سے سینئر اداکارہ عائشہ خان کی ایک ہفتے پرانی لاش ملی تھی جس پر ان کے بچوں اور فیملی ممبر کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا رہا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے فلیٹ سے سینئر اداکارہ عائشہ خان کی 10روزہ پرانی لاش برآمد ہوئی تھی۔رہائشی فلیٹ سے ملنے والی لاش سینئر اداکارہ عائشہ خان کی تھی۔ پولیس نے بھی لاش اداکارہ کی ہونے کی تصدیق کردی تھی۔پاکستان کی سینئر اور معروف اداکارہ عائشہ خان کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع اپنے فلیٹ سے مردہ حالت میں پائی گئیں تھیں۔

پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھاکہ اداکارہ عائشہ خان کی لاش ایک ہفتہ پرانی ہے۔ خاتون گھر میں اکیلے رہ رہی تھیں۔گھر سے بدبو پھیلنے پر علاقہ مکینوں نے رشتہ داروں کو اطلاع دی تھی۔پولیس کا کہنا تھا کہ عائشہ خان کا پوسٹ مارٹم ان کے خاندان کی درخواست پر کیا جائے گا۔ ان کی نماز جنازہ کا وقت اور مقام بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ریسکیو حکام کے مطابق متوفیہ کی شناخت 83 سالہ عائشہ زوجہ ریاست اللہ خان کے نام سے ہوئی جبکہ پولیس کا کہنا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ کہ متوفیہ گھر میں اکیلی رہائش پذیر تھی اور ابتدائی تحقیقات میں وجہ موت طبعی معلوم ہوتی تھی۔

پولیس کے مطابق عائشہ خان کی لاش ایک ہفتہ پرانی معلوم ہوتی ہے اور وہ فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر تھیں۔ واقعہ اس وقت سامنے آیا تھاجب ہمسایوں نے ان کے اپارٹمنٹ سے آنے والی بدبو کے بارے میں ان کے اہلخانہ کو مطلع کیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو قانونی کارروائی کیلئے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیاتھا۔اداکارہ عائشہ خان کی لاش جناح ہسپتال سے سہراب گوٹھ ایدھی سردخانے منتقل کردی گئی تھی۔تاہم متوفیہ کے ورثا کا پولیس سے رابطہ ہوا ہے اور اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفیہ کی لاش ورثا کے حوالے کر دی تھی۔