پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر ای گیٹس منصوبے کے ڈیزائن کا مرحلہ مکمل کر لیا

منگل 24 جون 2025 15:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ( پی اے اے) نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر ای گیٹس منصوبے کے ڈیزائن کا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ یہ پیش رفت تین روزہ ورکشاپس اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد ممکن ہوئی۔

(جاری ہے)

منگل کو ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ای گیٹس کا منصوبہ ملک کے تین مصروف ترین ہوائی اڈوں پر بائیومیٹرک سسٹم پر مبنی خودکار امیگریشن متعارف کرے گا تاکہ مسافروں کو زیادہ محفوظ، تیز اور سہل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ترجمان کے مطابق ڈیزائننگ کا عمل عالمی ماہرین اور متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ قریبی رابطے سے مکمل کیا گیا ہےجو اب منصوبے کے اگلے مرحلے کے لئے بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اس سلسلے میں جرمن کنسلٹنسی فرم’’ ایم ٹو پی کنسلٹنگ ‘‘اب تفصیلی تکنیکی اسناد اور ٹینڈر دستاویزات تیار کرے گی تاکہ عالمی معیار کی کمپنیوں سے تجاویز حاصل کی جا سکیں۔یہ اقدام پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت ایئرپورٹس کو سمارٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید اور محفوظ بنایا جا رہا ہے۔