مودی سرکار کی سفارتی ناکامی اور گودی میڈیا کا مکروہ چہرہ بے نقاب، معروف صحافی روش کمار کی بھارت کی ناقص خارجہ پالیسی پرکڑی تنقید

منگل 24 جون 2025 16:34

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) بھارت کے معروف صحافی روش کمار نے مودی حکومت کی سفارتی ناکامیوں اور گودی میڈیا کے بے بنیاد پروپیگنڈے کا پول کھول دیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق روش کمار نے مودی حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی اورناکامیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کی خارجہ پالیسی میں کوئی جان نہیں ہے ، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر انگریزی تو شانداربولتے ہیں لیکن ایران اسرائیل کشیدگی پر وہ ایک لفظ بھی نہ بول سکے، اسرائیل کے مظالم پر مودی سرکار یا گودی میڈیا کی خاموشی، بھارت کی جارحیت پسند پالیسیوں کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایران اسرائیل کشیدگی پر بھارت کا بزدلانہ موقف دنیا بھر میں اس کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مودی کے گودی میڈیا اور سرکاری پروپیگنڈے پر روش کمار کا کہنا تھا کہ گودی میڈیا ایران کو بھی مسلم مخالف نظریے سے دیکھ رہا ہے، گودی میڈیا ایران اسرائیل کشیدگی کو اسی نظریے سے دکھا یا جارہا ہے جیسے مودی حکومت میں گزشتہ 11سال سے بھارت میں مسلمانوں کو پیش کیاجارہاہے ۔

روش کمار نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران بھی گودی میڈیا کی جانبدار کوریج نے بی جے پی کے حامیوں کو شرمندہ کیا۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے ایران اسرائیل جنگ کو صرف مذہبی تصادم کے طور پر پیش کیا گیا، نام نہاد جمہوریت کی دعویدار مودی سرکار کی خارجہ پالیسی اب نظریاتی نہیں بلکہ صرف موقع پرستی پر مبنی اور مغربی طاقتوں کی غلام ہے۔