خطے میں بگاڑ، دہشتگردی اور پراکسی جنگوں کے پیچھے ایک ناپاک اتحاد کی گونج

منگل 24 جون 2025 20:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2025ء) خطے میں بگاڑ، دہشتگردی اور پراکسی جنگوں کے پیچھے ایک ناپاک اتحاد کی گونج پھر سنائی دے رہی ہے۔ ہنود و یہودکے گٹھ جوڑ نے ایک بار پھر نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ مشرق وسطیٰ کے امن کو داو پر لگا دیا ہے۔ بھارتی ایجنسیوں کی اسرائیلی خفیہ نیٹ ورکس سے بڑھتی قربت نے واضح کر دیا ہے کہ مودی حکومت اسرائیلی پراکسی کے طور پر سرگرم ہو چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسرائیل، گ ایران کے اثر کو کم کرنے کے لیے کرد گروپوں کو مالی، عسکری اور انٹیلیجنس معاونت فراہم کر رہا ہے۔ یہی نیٹ ورک بی ایل اے جیسے علیحدگی پسند دہشتگرد گروہوں کو بھی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ انکشاف ہوا ہے کہ بی ایل اے کے مرکزی رہنما بھارت سے مالی معاونت اور براہ راست ہدایات حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

حیران کن طور پر بھارتی سوشل میڈیا اکاو نٹس نے میانوالی ایئربیس اور جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملوں کی پیشگی اطلاعات فراہم کیں، جبکہ اسی طرز پر کرد اکاونٹس ایران کے اندر اسرائیلی حملوں کے اشارے دے رہے تھے۔

جنرل یزدانپنا، ایک کرد کمانڈر، نے کھل کر اسرائیل کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا اسرائیل ہمارا دوست ہے، اور ہم ایران کے خلاف ایک ہیں۔ ذرائع کے مطابق موساد کئی برسوں سے عراقی کردستان میں موجود بعض عسکری گروہوں کو مالی امداد، ٹیکنالوجی اور تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ ایران کے مغربی علاقوں میں خفیہ کارروائیوں کے لیے اندرونی حمایت حاصل کی جا سکے۔

ایرانی ادارے 2022 سے اب تک متعدد بار ایسے ایجنٹس کی گرفتاری کا دعویٰ کر چکے ہیں۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ پراکسی جنگ اب بی ایل اے اور کرد گروہوں کے ذریعے نئے رخ اختیار کر رہی ہے، جس میں بھارتی اور اسرائیلی ٹیکنالوجی کی مدد سے اندرون و بیرون ملک جاسوسی نیٹ ورک بھی فعال ہو چکے ہیں ۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ اتحاد نہ صرف مسلم دنیا کے لیے، بلکہ عالمی امن کے لیے ایک شدید خطرہ بن چکا ہے۔