Live Updates

پاکستان میں عمان کے پہلے ڈرگ لائزان افسر کی تقرری

منگل 24 جون 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) اپریل 2025ء میں اسلام آباد میں منعقدہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کائونٹر نارکوٹکس کانفرنس کی کامیابی کے بعد پاکستان کی منشیات کے خلاف جدوجہد کو بھرپور طریقہ سے سراہا گیا۔ترجمان کے مطابق کانفرنس کے دوران سلطنت عمان کے ڈائریکٹر جنرل آف نارکوٹکس نے پاکستان میں ڈرگ لائزان افسر (ڈی ایل او) تعینات کرنے کے فیصلہ کا اعلان کیا۔

اس اعلان سے پاکستان اور سلطنت عمان کے برادرانہ تعلقات نے منشیات کے خلاف عالمی جنگ میں ایک نئی سمت لی۔ اس اعلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے سلیمان الہنائی کو پاکستان میں عمان کا پہلا ڈرگ لائزان افسر مقرر کیا گیا ہے جو 18 جون 2025ء کو اسلام آباد پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔

(جاری ہے)

عمان کے ڈرگ لائزان افسر کی تقرری پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ، خفیہ معلومات کے تبادلے اور بین الاقوامی منشیات سمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ اقدامات کی سمت ایک اہم سنگ میل ہے۔

الہنائی کی آمد اس مشترکہ نظریے کی نمائندگی کرتی ہے کہ پاکستان اور عمان صرف اپنے ملکوں میں ہی نہیں بلکہ پورے خلیجی اور جنوبی ایشیائی خطے میں منشیات سے پاک معاشرہ قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان خلیج تعاون کونسل کے تمام برادر ممالک کے ساتھ مل کر منشیات کی سمگلنگ کے خاتمہ اور آنےوالی نسلوں کو محفوظ بنانے کے عہد کا اعادہ کرتی ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات