مشیر قومی سلامتی کا دورہ چین، دو طرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عاصم ملک نے شنگھائی تعاون تنظیم کی سلامتی کونسل کے سیکرٹریز کے اجلاس میں شرکت کی، اس دوران چین کی قیادت سے بھی اہم ملاقاتیں بھی ہوئیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 جون 2025 12:02

مشیر قومی سلامتی کا دورہ چین، دو طرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے ..
بیجنگ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون 2025ء ) پاکستان اور چین کا دو طرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عاصم ملک نے چین کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کی سلامتی کونسل کے سیکرٹریز کے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس کے دوران مشیر قومی سلامتی نے عالمی و علاقائی سکیورٹی صورتحال پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا اور امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کو بیان کیا جس میں انہوں نے پرامن ہمسائیگی اور تعمیری تعاون کی پالیسی کو پاکستان کی اولین ترجیح قرار دیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عاصم ملک نے چین کی قیادت سے بھی اہم ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں دو طرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، فریقین نے خطے میں پائیدار امن، انسداد دہشت گردی اور سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا، مشیر قومی سلامتی کی جانب سے چینی حکام کو پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستان اور چین کے درمیان جدید ترین دفاعی ساز و سامان کی خریداری کا معاہدہ بھی طے پایا ہے، جس کے تحت پاکستان چین سے 40 ففتھ جنریشن جے 35 اسٹیلتھ فائٹر طیارے، کے جے 500 اواکس طیارے اور ایچ کیو 19 میزائل ڈیفنس سسٹم حاصل کرے گا، معاہدے کے تحت پاکستان کا دفاعی نظام مزید ناقابل تسخیر بنے گا جب کہ پاک فضائیہ کی فضاوں پر گرفت اور خطے میں اس کی برتری میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ یہ معاہدہ شنیانگ ائیر کرافٹ کارپوریشن کے تیار کردہ جے 35 کی عالمی مارکیٹ میں پہلی برآمد ہوگا، یہ طیارہ اپنی جدید اسٹیلتھ صلاحیتوں کی بدولت دشمن کے فضائی علاقے میں گھسنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جے 500 اواکس طیارہ اپنے کمپیکٹ سائز کی وجہ سے پاکستان کی فضائی نگرانی کی صلاحیتوں کو نا صرف مضبوط کرے گا اور علاقائی جھڑپوں کے دوران بہتر طریقے دفاع بھی فراہم کرےگا، اسی طرح، ایچ کیو 19 میزائل دفاعی نظام پاکستان کی بیلسٹک میزائلوں سے دفاع کی صلاحیتوں کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا۔