چیئرپرسن شعبہ علومِ اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ رمضان فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز کی بانی ڈین مقرر، نوٹیفیکیشن جاری

بدھ 25 جون 2025 16:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کی چیئرپرسن شعبہ علومِ اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ رمضان کو گورنر پنجاب وچانسلرجامعہ زرعیہ نے فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز کی بانی ڈین مقررکردیا، نوٹیفیکیشن کے بعد انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ ان کی تصانیف میں پانچ کتب بشمول سول سروس کے اعلیٰ مقابلہ جاتی امتحانات پر مبنی ایک کتاب اور درجنوں تحقیقی مقالے شامل ہیں۔

ڈاکٹر شازیہ رمضان نے اپنے تدریسی کیریئر کا آغاز بطور لیکچرر 2003 میں کیا۔ انہوں نے 2011 میں پنجاب یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی بعد ازاں 2023 میں پوسٹ ڈاکٹریٹ کا سنگ میل طے کیا۔وسیع تدریسی تجربے اور تحقیقی قابلیت کی بناپر وہ 2024 میں بطور پروفیسر علوم اسلامیہ مقرر ہوئیں اور اس طرح ان کو نئی قائم شدہ فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومنیٹیز کی باقاعدہ بانی ڈین بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر شازیہ رمضان ممبر سنڈیکیٹ ہونے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کی دیگر اعلیٰ سطحی کمیٹیوں کی بھی رکن رہ چکی ہیں۔اس وقت وہ ممبر فنانس اینڈ پلاننگ کی ذمہ داریاں بھی ادا کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر شازیہ رمضان نے کہا کہ وہ شعبہ انگریزی، اسلامیات،آرٹ اینڈ ڈیزائن، پاکستان سٹڈیزوغیرہ میں دیگر نئی ڈگریاں متعارف کرانے کےلئے بھی ہر ممکن کوشش کررہی ہیں، اس کے علاوہ وہ نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کی ترویج کےلئے بھی کوشاں ہیں۔