Live Updates

ایران اسرائیل جنگ بندی خوش آئند، خطے میں امن کی ضرورت ہی: چیئرپرسن ویمن کمیشن ریحانہ خان

بدھ 25 جون 2025 19:15

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)چیئرپرسن ویمن کمیشن آزادکشمیر ریحانہ خان نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ایک خوش آئند پیش رفت ہے، تاہم مستقل اور پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ مشرق وسطیٰ کے بنیادی مسائل، خصوصاً فلسطین کا منصفانہ حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں نے پورے خطے کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کیا ہوا ہے، اور اگر عالمی برادری بروقت اقدامات نہ کرے تو دوبارہ کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔

محترمہ ریحانہ خان نے کہا کہ مسلم امہ کو اس موقع پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف امن کی کوششوں کو تقویت دینی چاہیے بلکہ فلسطینی عوام کے حقوق اور آزادی کی جدوجہد کی کھل کر حمایت کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف حالیہ اسرائیلی جارحیت نے پوری مسلم دنیا کے جذبات کو مجروح کیا ہے، اور اب وقت آ چکا ہے کہ امت مسلمہ یک زبان ہو کر عالمی سطح پر مظلوم مسلمانوں کے لیے آواز بلند کرے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر، فلسطین، غزہ اور ایران ظ سب خطے میں امن کی بحالی اور خودارادیت کے متلاشی ہیں۔ ان تحریکوں کو طاقت سے دبانا ممکن نہیں، بلکہ منصفانہ مذاکرات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہی واحد حل ہے۔محترمہ ریحانہ خان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نہ صرف وطن عزیز کی محافظ ہیں بلکہ امت مسلمہ کے وقار اور استحکام کی علامت بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے ہر موقع پر قوم کو سیکیورٹی، استحکام اور اتحاد کا پیغام دیا ہے، اور موجودہ عالمی حالات میں ان کا مضبوط اور چوکنا رہنا قابل تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو بھی عالمی و قومی سطح کے مسائل پر شعور و کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ہم ایک مضبوط، متحد اور پرامن معاشرہ قائم کر سکیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات