پاکستان آرمی نےدوسری نیشنل انڈر 17 بوائز اینڈ گرلزتائیکوانڈو چیمپئن شپ جیت لی

بدھ 25 جون 2025 22:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد اور اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد کے اشتراک سے منعقدہ دوسری نیشنل انڈر 17 بوائز اینڈ گرلز تائیکوانڈو چیمپئن شپ ویمن اسپورٹس کمپلیکس، ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔پاکستان آرمی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا نے دوسری، پاکستان واپڈا اور صوبہ پنجاب کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تقریبِ تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اقرار احمد رانا، چیئرمین سپورٹس بورڈ ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد تھے۔ ان کے ہمراہ ممتاز بین الاقوامی کوچ ماسٹر سیونگ او چھوئی، سیکرٹری جنرل پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن مرتضیٰ حسن بنگش، سیکرٹری پنجاب تائیکوانڈو ایسوسی ایشن ڈاکٹر اظہار الحق، ڈویژنل اسپورٹس آفیسر فیصل آباد شاہ منظر فرید، ڈائریکٹر اسپورٹس ایگریکلچر یونیورسٹی عاطف بھٹی، ڈویژنل صدر سائیکلنگ ایسوسی ایشن حاجی جاوید ستار، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اسپورٹس واجد علی، ہمایوں ظہیر، محمد فاروق، شاہ زیب نواز جنجوعہ اور حاجی محمد رفیع نے بھی خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریفری کے فرائض قلب عباس، شمائلہ نزیر اور حافظ شہزاد نے انجام دیے۔ چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی، واپڈا، ریلوے، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت ملک بھر کی نمائندہ ٹیموں نے شرکت کی۔ ایونٹ کا بنیادی مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا اورتائیکوانڈو جیسے مثبت اور باوقار کھیل کو فروغ دینا ہے۔ چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر تمام متعلقہ ادارے اور افسران مبارکباد کے مستحق ہیں۔