پرام منسٹر یوتھ کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز (کل )سے شروع ہونگے

پہلا مرحلہ کوٹہ میں ہوگا، لاہور قلندرز، ایچ ای سی کااشتراک شامل، جاوید میمن

جمعرات 26 جون 2025 15:15

پرام منسٹر یوتھ کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز (کل )سے شروع ہونگے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام نوجوان کھلاڑیوں کو کرکٹ میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلے پہلے مرحلے میں ٹرائلز کا آغاز (کل)جمعہ سے بلوچستان میں ہوگا۔ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈاریکٹر سپورٹس جاوید میمن کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز اور بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کوئٹہ کے اشتراک سے لڑکوں اور لڑکیوں کے کرکٹ ٹرائلز 30 جون تک کوئٹہ میں جاری رہیں گے جن میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں شرکت کریں گے۔

اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کے کرکٹ کے ٹیلنٹ کو سامنے لانا، انہیں جدید تربیت فراہم کرنا اور انہیں مستقبل میں قومی و بین الاقوامی سطح پرکھیلنے کے لیے تیار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے اپنے پیغام میں کہاکہ نوجوانوں کو ہر شعبہ زندگی میں غیر معمولی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ہم پرعزم ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ بلوچستان کے نوجوان کھلاڑی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور پاکستان کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ہائیرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے بھی امید ظاہر کی بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں اپنے ٹیلنٹ سے آگے بڑھتے ہوئے ملک کا نام روشن کرینگے ، ایچ ای سی اور ملک کی جامعات کھیلوں کے فروغ میں حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔