Live Updates

محرم الحرام کی جامع تیاریاں مکمل،فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے رینجرز اور فوج کو طلب کر لیا گیا‘ عظمیٰ بخاری

جمعرات 26 جون 2025 19:19

محرم الحرام کی جامع تیاریاں مکمل،فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں،ہر سال کی طرح اس بار بھی لاکھوں عزادار امام حسین کی یاد میں مجالس اور جلوسوں میں شریک ہوں گے، جبکہ اہلِ سنت کی جانب سے بھی بعض تقریبات منعقد ہوں گی، ایران-اسرائیل کشیدگی کے تناظر میں اس بار محرم کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، اس لیے تمام مکاتبِ فکر کے علما سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امن، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ محرم کے دوران پنجاب بھر میں 38 ہزار مجالس اور 9 ہزار سے زائد جلوسوں کا انعقاد متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ان تقریبات کی سیکیورٹی کے لیے 2 لاکھ 38 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ 35 ہزار سے زائد رضاکار بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔

ڈولفن فورس اور سی ٹی ڈی سمیت دیگر ادارے بھی متحرک رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوڈ آف کنڈکٹ جاری کر دیا ہے جس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی اور سائبر سیکیورٹی فورس اس حوالے سے متحرک رہے گی۔ عظمی بخاری نے واضح کیا کہ جلوسوں کی کوریج یا کسی بھی مقصد کے لیے ڈرون کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی، اور اینٹی ڈرون سسٹم کا استعمال کیا جائے گا۔

دیگر اداروں سے بھی اینٹی ڈرون سسٹمز ہائیر کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ بجلی کے لٹکتے تاروں کو ہنگامی بنیادوں پر درست کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔مجالس کے دوران بجلی کی بندش بالکل نہیں ہو گی۔تمام بڑے شہروں میں کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں جو اپنی فعالیت کا آغاز کر چکے ہیں۔وال چاکنگ اور نفرت انگیز بینرز کی مکمل ممانعت ہو گی۔

پنجاب کے 18 شہروں میں سیف سٹی کیمروں سے جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی، جبکہ جلوسوں کے روٹس پر اضافی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔تمام اضلاع کی انتظامیہ آج اپنی فرضی مشقیں مکمل کرے گی۔عظمی بخاری نے مزیدبتایا کہ عزاداروں کے لیے ٹھنڈے پانی اور مشروبات کے کیمپ وزیر اعلی کی ہدایت پر لگائے جائیں گے، جبکہ سبیلیں رجسٹرڈ ہوں گی اور ان کے معیار کی نگرانی فوڈ ڈیپارٹمنٹ کرے گا۔

واسا کے ٹینکرز سڑکوں پر چھڑکا کریں گے اور کلینک آن وہیلز جلوسوں کے ہمراہ موجود ہوں گے۔ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ جلوسوں سے 24 گھنٹے قبل ٹریفک ایڈوائزری جاری کرے گی، اور 29 تاریخ سے قبل تمام افسران اپنی پوزیشنز سنبھال لیں گے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ رینجرز اور فوج کو بھی محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے چند سلیپنگ سیلز کو پہلے ہی حراست میں لے لیا ہے اور دیگر خطرات پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موبائل فون سروس کی بندش اور ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ وقت آنے پر حالات کے مطابق کیا جائے گا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات