خلیفہ دوم سیدنا عمر فاروقؓ مراد رسولؐ ہیں، مولانا عبدالماجد فاروقی

آپ کے خلافت کے زمانے میں مسلمان دنیا کی سب سے بڑی طاقت بن گئے تھے، صوبائی رہنماامن کونسل

جمعرات 26 جون 2025 19:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)پاکستان امن کونسل سندھ، مرکزی علما کونسل پاکستان سندھ کے صوبائی صدر، مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن، خطیب و امام جامع مسجد الخلیل بھٹائی آباد گلستان جوہر مولانا عبد الماجد فاروقی نے کہا ہے کہ خلیفہ دوم سیدنا حضرت عمر فاروقؓ مراد رسول صلی علیہ وآلہ وسلم اور عشرہ مبشرہ و خلفائے راشدین میں سے ہیں آپ کا دور خلافت قابل تقلید دور حکومت ہے آپ کی شہادت المناک سانحہ تھی ان تاثرات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ اسلامی حکومت میں حاکم بادشاہ نہیں بلکہ عوام کا ایک خادم ہوتا ہے اور رعایا کی خبر گیری، بلا تفریق انصاف کی فراہمی، مظلوم کی فوری دادرسی اور عوام کی تمام ضروریات کا خیال رکھنا اس کا فرض ہوتا ہے، رعایا کی خبر گیری کا مطلب یہ ہے کہ حکومت لوگوں کی ضرورت کا خیال رکھے، ان کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے اور لوگوں کو کوئی تکلیف یا شکایت ہو تو اسے دور کرنے کی کوشش کرے اور اس بات کو خلیفہ ثانی امیر الممنین سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنے دور حکومت میں حقیقتاً کر کے دکھایا ان کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ راشد سیدنا حضرت عمر فاروق نے خلافت کا زمانہ ایک عام آدمی سے بھی زیادہ سادگی سے گزارا، تاہم آپ کے رعب کا یہ حال تھا کہ دنیا کے بڑے بڑے بادشاہ آپ ؓکا نام سن کر کانپ اٹھتے تھے، آپ کے خلافت کے زمانے میں مسلمان دنیا کی سب سے بڑی طاقت بن گئے تھے آپ نے عرب کی سرحدوں سے آگے بڑھ کر عراق، ایران، شام، مصر و دیگر ملکوں پر اسلام کا جھنڈا لہرایا آپ کے زمانہ خلافت میں فتوحات کا سلسلہ شروع ہوا تو اسلامی حکومت کا رقبہ ساڑھے 22 لاکھ مربع میل تک پہنچ گیا آپ کے زمانے میں اسلامی حکومت بہت پھیل گئی تھی اور اس کی آمدنی بھی سو گناہ بڑھ گئی تھی اس لئے آپ نے باقاعدہ بیت المال قائم کردیا اور اس کی حفاظت اپنی جان سے بڑھ کر کیا کرتے تھے۔