Live Updates

لاہورمیں صبح سے ہونے والی بارش کے سبب حبس اورگرمی کا زورٹوٹ گیا

سب سے زیادہ بارش نشترٹاون کے ایریازمیں 50 ملی میٹرریکارڈ ہوئی

جمعرات 26 جون 2025 22:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2025ء) لاہور میں صبح سے ہونے والی بارش کے سبب شہر میں حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ لیسکو کے 210 فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے بعد فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹنے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ لاہور میں سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاون کے ایریاز میں 50 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ پی ڈی ایم کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہے گا۔

واسا، ضلعی انتظامیہ اور ایل ڈبلیو ایم سی کے ملازمین نکاس آب کے لیے شاہراہوں پر موجود ہیں جبکہ بارش کے باعث لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام بھی شدید متاثر ہوگیا۔ شہر کی جن شاہراہوں،گلیوں کی تعمیر اور سیوریج واٹر سپلائی کا کام ہو رہا ہے وہاں بارشی پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری بلدیات شکیل احمد میاں اور سیکریٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل کی جانب سے ڈویلپمنٹ اداروں کو مقررہ وقت کے ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایات کی گئی۔

پی ڈی ایم اے ن یکم جولائی تک ہلکی اور تیز بارشوں کے لئے الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ بارش کے باعث لیسکو کے 210 فیڈرز ٹرپ کر گئے اور فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ بارش رکتے ہی فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ موسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ نے معزز صارفین سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کر کے عملے کے آنے کا انتظار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ آفس سے فوری رابطہ کریں یا 118 پر اطلاع دیں۔ دوران بارش اپنے بچوں اور پالتو جانوروں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات