گ*نیٹو اجلاس کے بعد وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کیلئے ’ڈیڈی‘ کا لقب اپناکر ویڈیو جاری کردی

جمعرات 26 جون 2025 21:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2025ء)وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ’ڈیڈی‘ کا لقب اپناتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جو نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے الفاظ پر مبنی ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ’ڈیڈیز ہوم‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں گلوکار اُشر کا گانا’ہے ڈیڈی’بج رہا ہے اور ٹرمپ کی ہیگ میں منعقدہ نیٹو اجلاس میں شرکت کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

نیٹو کے نئے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے بدھ کو نیٹو اجلاس کے موقع پر ٹرمپ کے ساتھ ایک ملاقات میں ’ڈیڈی‘ کا لفظ اس وقت استعمال کیا تھا جب ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر سخت زبان میں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔روٹے نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’اور پھر ڈیڈی کو بعض اوقات سخت زبان استعمال کرنی پڑتی ہے تاکہ وہ رک جائیں‘۔یاد رہے کہ اس سے ایک دن قبل ٹرمپ نے کہا تھاکہ ’ایران اور اسرائیل اتنی دیر اور شدت سے لڑ رہے ہیں کہ اب اُنہیں خود بھی معلوم نہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں‘۔