Live Updates

مہاجرین کشمیر 1989 کے ماہانہ گزارہ الاؤنس میں اضافہ آئندہ کچھ دنوں میں کیا جائے گا،وزیراعظم

مہاجرین کشمیر کو درپیش مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ معاملات 80 فیصد تک طے کر لیئے گئے ہیں،چوہدری انوار الحق

جمعہ 27 جون 2025 14:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ مہاجرین کشمیر 1989 کے ماہانہ گزارہ الاؤنس میں اضافہ آئندہ کچھ دنوں میں کیا جائے گا۔ دیگر تمام معاملات پر وفاقی حکومت سے 80 فیصد مشاورت مکمل ہوچکی ہے۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر چوہدری انوار الحق نے بجٹ تقریر کے دوران کہا ہیکہ مہاجرین جموں کشمیر 1989 کے گزارہ الاؤنس میں اضافہ کچھ دنوں میں کردیا جائے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بجٹ 2025/26 کی اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ آئیندہ کچھ دنوں میں الاؤنس میں اضافہ کردیا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ مہاجرین کشمیر کو درپیش مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ معاملات 80 فیصد تک طے کر لیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزاد کشمیر نے شادی شدہ جوڑوں کو خاندان شمار کرنے اور انہیں ''ب کارڈ''جاری کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرین کیلئے 750 گھروں کی تعیر کے منصوبے کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی دیگر معاملات کو بھی یکسو کیا جائے گا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ جلد دو مہاجرین بستیوں کا دورہ بھی کروں گا۔ قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے مہاجرین کو درپیش مسائل خصوصاً الاؤنس میں اضافے کیلئے دو بار ایوان کی توجہ مبذول کروائی۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مہاجرین کشمیر کو درپیش مسائل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین ہمارے بھائی ہیں۔ بھارت انہیں دشمن سمجھتا ہے انہیں بیس کیمپ میں کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے انہوں نے تمام مشکلات کو حل کرنے کیلئے حکومت پر زور دیا۔ انکا کہنا تھا کہ مہاجرین انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں انکے الاؤنس میں فوری اضافے کی ضرورت ہے۔

وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے کہا کہ مہاجرین کشمیر 1989 کو قانون ساز اسمبلی میں نمائندگی دینے کیلئے نشستیں مختص کی جائیں جس پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مہاجرین کو اسمبلی میں نمائندگی دینے کیلئے ایوان میں بل پیش کرنے کی ضرورت ہوگی۔ امیر مہاجرین جموں کشمیر 1989 عزیر احمد غزالی دیگر ممبران سمیت اسمبلی اجلاس کے دوران مہمانوں کی گیلری میں موجود رہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات