Live Updates

اتحاد و یکجہتی ہی پاکستان کے تمام مسائل کا واحد اورپائیدارحل ہے‘ علامہ ہشام الٰہی ظہیر

جمعہ 27 جون 2025 19:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) صدر جمعیت اہلحدیث پاکستان ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا ہے کہ پوری قوم کو سیسہ پلائی دیوار بن کر فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے میدان میں آنا ہوگا، اتحاد و یکجہتی ہی پاکستان کے تمام مسائل کا واحد اور پائیدار حل ہے،وطن عزیز کو مضبوط ریاست بنانے کیلئے تمام جماعتوں اور پوری قوم کو مل کر عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔

گذشتہ روز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ہشام الٰہی ظہیر نے واضح کیا کہ جمعیت اہلحدیث پاکستان وطن عزیز سے فرقہ واریت کے خاتمے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کیلئے کلیدی کردار ادا کرے گی۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی اور فرقہ وارانہ کارروائیوں کی بھرپور مخالفت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کی ہدایت پر، پیغام پاکستان کی روشنی میں جو ضابطہ اخلاق مرتب کیا گیا ہے، اس میں یہ شق شامل ہے کہ کوئی فرد یا گروہ خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ، جملہ انبیا کرام علیہم السلام، خلفائے راشدین، صحابہ کرام، اہل بیت، امہات المومنین کی توہین نہیں کرے گا، اور نہ ہی کوئی فرد قانون کو اپنے ہاتھ میں لے گا۔

توہین رسالت ﷺ کے کیسز کی تفتیش یا عدالتی کارروائی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اس پر من و عن عمل درآمد یقینی بناناہوگا۔انہوں نے زور دیا کہ فرقہ واریت کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے۔ڈاکٹر ہشام الہی ظہیر نے کہا کہ ملک کو درپیش اقتصادی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی مسائل کے حل کیلئے تمام قومی جماعتوں کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی اور سفارتی سطح پر عالمی برادری کو ساتھ لیکر چلنا چاہئے تاکہ پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکے۔عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا مسلم امہ کو صہیونیت کی سازشوں کے خلاف مشترکہ نیٹو طرز کا اتحاد قائم کرنا ہوگا۔ غزہ اور فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے مظالم کو روکنے اور جنگ بندی کیلئے پاکستان سمیت عالمی برادری کو متحد ہو کر صف اول کا کردار ادا کرنا چاہئے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات