Live Updates

چیئرپرسن ویمن کمیشن کی جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر پاک فوج کو خراجِ تحسین

جمعہ 27 جون 2025 19:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)چیئرپرسن ویمن کمیشن ریحانہ خان نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں محترمہ ریحانہ خان نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر حملہ آور دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشتگردوں کو ہلاک اور 7 کو زخمی کیا جانا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

ریحانہ خان نے کہا کہ بھارت ایک طرف سرحدی خلاف ورزیوں کے ذریعے اشتعال انگیزی کر رہا ہے اور دوسری طرف اندرونی دہشتگردی کے نیٹ ورکس کو سہولت فراہم کر کے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر رہا ہے، لیکن ہماری افواج ان ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی یہ عظیم قربانیاں نہ صرف ملک کی سالمیت کی ضمانت ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی بنیاد بھی ہیں۔ ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں۔چیئرپرسن ریحانہ خان نے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی مقروض ہے، اور ویمن کمیشن سمیت ہر پاکستانی شہری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات