ایک ہفتے کے دوران چینی سمیت 12اشیاء مہنگی ہو گئیں‘ادارہ شماریات

لہسن، ٹماٹر، گڑ، چینی ، ایل پی جی،جلانے والی لکڑی،دودھ ،دہی کے نرخ بڑھ گئے

جمعہ 27 جون 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران 12اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پرمہنگائی میں 0.18فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ایک ہفتے میں12اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 14اشیا سستی ہوئیں جبکہ 25اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

(جاری ہے)

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی کے لیے بجلی چارجزمیں30پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہوا جس کے بعد بجلی چارجز 4.36روپے سے بڑھ کر4.66روپے فی یونٹ ہوگئے۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں لہسن 5.15اور گڑ ایک فیصد مہنگا ہوا، ٹماٹر 0.99اورچینی 0.88فیصد مہنگی ہوئی۔حالیہ ہفتے کے دوران ایل پی جی،جلانے والی لکڑی،دودھ ،دہی بھی مہنگی ہوئی تاہم ایک ہفتے میں انڈی12.27اور چکن 10.75فیصد سستا ہوا، اسی طرح آلو،آٹا،پیاز اور دالوں کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔