ورلڈ بینک کا پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے کی حمایت کا اعادہ

حکومت عالمی بینک کے ساتھ مل کر ایک جامع نفاذی فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، وفاقی وزیر

جمعہ 27 جون 2025 21:42

ورلڈ بینک کا پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے کی حمایت کا اعادہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ کے ساتھ ملاقات میں ورلڈ بینک کی قیادت نے پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے واشنگٹن ڈی سی میں عالمی بینک کی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرات کیے اور معیشت کو مضبوط بنانے میں عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ تعاون کے فروغ کا خیرمقدم کیا۔

واضح رہے کہ جنوری میں، عالمی بینک نے پاکستان کو 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف ) کے تحت 20 ارب ڈالر فراہم کرنے کا عہد کیا تھا تاکہ ملک میں جامع اور پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کی جانب سے 40 ارب ڈالر کی ’ سرمایہ کاری’ کا خیرمقدم کیا تھا اور کہا تھا کہ اس سرمایہ کاری سے معیشت کے مختلف شعبوں میں نئے دور کا آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

عالمی بینک کی آپریشنز منیجنگ ڈائریکٹر انا بیئرڈے اور جنوبی ایشیا کے ریجنل وائس پریزیڈنٹ مارٹن رائزر کے ساتھ ملاقات میں وفاقی وزیر نے گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان تعاون کے فروغ کا خیرمقدم کیا۔بیان میں کہا گیا کہ اس مضبوط شراکت داری کا نتیجہ نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک ( سی پی ایف ) 2026-2035 کی تیاری کی صورت میں سامنے آیا ہے، جو عالمی بینک کی جانب سے 40 ارب ڈالر کی مالی معاونت پر مشتمل ایک انقلابی دس سالہ حکمت عملی ہے۔

وزیر ا قتصادی امور نے خاص طور پر کووِڈ-19 وبا اور 2022 کے تباہ کن سیلابوں کے دوران عالمی بینک کی مدد کو سراہا۔احد خان چیمہ نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا ترقیاتی شراکت دار ہونے کے ناطے عالمی بینک نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور شہریوں کی زندگیوں میں بہتری کے لیے نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔وزیراقتصادی امور نے کہا کہ سی پی ایف کے کامیاب آغاز کے ساتھ ہی حکومت عالمی بینک کے ساتھ مل کر ایک جامع نفاذی فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے نائب صدر عثمان دیون کے تحت پاکستان کی عالمی بینک کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ ( ایم ای این اے ) ریجن میں منتقلی کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس اقدام سے علم کے تبادلے اور علاقائی ہم آہنگی کے قیمتی مواقع پیدا ہوں گے۔عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبد الحق بیدجاوی سے ایک علیحدہ ملاقات میں وزیر نے پاکستان کے اقتصادی مفادات کی مؤثر نمائندگی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

چیمہ نے تجویز دی کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو رکن ممالک کے باقاعدہ دورے کرنے چاہئیں تاکہ ترقیاتی ضروریات اور عالمی بینک کی شمولیت کے مواقع کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔انہوں نے عالمی بینک کی حالیہ منظوریوں پر بھی گفتگو کی، جن میں 70 کروڑ ڈالر کا ریکوڈک مائننگ پراجیکٹ اور 40 کروڑ ڈالر کا رسک پارٹیسپیشن فسیلٹی شامل ہے۔احد چیمہ نے سی پی ایف کے ترقیاتی مقاصد اور انقلابی اثرات کو حاصل کرنے کے لیے عالمی بینک کی کنٹری ٹیم کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔عالمی بینک کی قیادت نے سی اپی ایف کے مؤثر نفاذ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ادارے کی مسلسل وابستگی پر زور دیا۔