جے یو آئی سندھ کی جانب سے قبائلی سرداروں کو امن جرگہ میں شرکت کی دعوت، قبائلی قیادت کا مکمل تعاون کی یقین دہانی

جمعہ 27 جون 2025 22:29

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء)جے یو آئی سندھ کی جانب سے قبائلی سرداروں کو امن جرگہ میں شرکت کی دعوت، قبائلی قیادت کا مکمل تعاون کی یقین دہانی.جمعیت علماء اسلام سندھ کی جانب سے 30 جون کو سکھر میں منعقد ہونے والے سندھ امن قبائلی جرگہ کے سلسلے میں مختلف قبائلی سرداروں کو باضابطہ دعوت نامے دیے گئے۔ اس اہم اقدام کا مقصد سندھ میں امن و امان کے قیام کے لیے قبائلی قیادت کا تعاون حاصل کرنا ہی.اس سلسلے میں جے یو آئی سندھ کے قائد علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں منعقد ہونے والے جرگہ میں شرکت کے لیے معروف قبائلی سرداروں سے ملاقات کی گئی۔

جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، ضلعی ڈپٹی جنرل سیکریٹری نظیر احمد مینگل، ضلعی فنانس سیکریٹری حاجی محمد عباس بنگلانی، مولانا سراج احمد ڈول اور دیگر رہنماؤں نے دعوت نامے ملاقات کرکے دیئے۔

(جاری ہے)

ان معزز شخصیات میں سابق وزیراعظم پاکستان محمد میاں سومرو، کھوسہ قبیلے کے سردار سخی عبدالرزاق کہوسو، سندھ و بلوچستان کے اہم قبائلی فیصلوں کی پہچان مرحوم میر منظور علی خان پہنور کے صاحبزادے میر چنگیز خان پہنور، سردار شفقت خان جکھرانی، سردار عبدالغفار خان تہیم، اور سید منصور علی شاہ آف شاہپور,حنیف خان بلیدی سمیت دیگر ممتاز قبائلی رہنما شامل ہیں۔

قبائلی عمائدین نے دعوت کو خوشدلی سے قبول کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ سندھ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے جے یو آئی کے اس جرگہ کو بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے لیے قبائلی قیادت اپنا فعال کردار ادا کرے گی اور جرگہ مثبت نتائج دے گا۔جے یو آئی سندھ کی اس کاوش کو قبائلی اور سماجی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔