محکمہ ریلویز نے کوئٹہ سے ہفتے میں دو روز کراچی جانے والی بولان میل کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کے بجائے اسکی بھی تین بوگیاں کم کردیں

جمعہ 27 جون 2025 21:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) پاکستان ریلویز کو مسافر ٹرینوں کیلئے بوگیوں کی کمی کا سامنا ،ریلوے حکام نے ملک میں چلنے والی سولہ مسافر ٹرینوں سے 30بوگیاں کم کردیں،محکمہ ریلویز نے کوئٹہ سے ہفتے میں دو روز کراچی جانے والی بولان میل کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کے بجائے اسکی بھی تین بوگیاں کم کردیں۔

(جاری ہے)

محکمہ ریلویز کے نوٹی فیکشن کے مطابق ریلوے کو مسافر بوگیوں کی کمی کا سامنا ہے جس کی بنا پر ریلوے نے بولان میل سمیت سولہ ٹرینوں سے تیس بوگیاں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان ٹرینوں خبیر میل ،تیز گام ،ہزارہ ایکسپریس ،عوام ایکسپریس ،کراچی ایکسپریس،ملت ایکسپریس،ذکریا ایکسپریس، فرید ایکسپریس،قراقرم ایکسپریس،سبک رفتار، شاہ حسین ایکسپریس ، پاکستان ایکسپریس ،اسلام آباد ایکسپریس ،سکھرایکسپریس شامل ہیں۔

کوئٹہ سے ہفتے میں دو روز کراچی والی بولان میل کی 12 بوگیوں کو کم کرکے 9 کردیا گیا وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے 25مارچ کو کوئٹہ کے دورے کے موقع پر بولان میل کو یکم اپریل سے روزانہ چلانے کا اعلان کیا تھا جس پر اب تک عمل نہیں ہوسکا ہے ۔