پنجاب حکومت نے محرم الحرام میں امن و امان کی فضا کو یقینی بنانے کے لئے غیر معمولی انتظامات کئے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 27 جون 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دعا ہے نیا اسلامی سال امت مسلمہ کیلئے امن اور سلامتی کا پیغام لائے اور امت کیلئے وحدت و اتحاد کا پیامبر ہو۔ اللہ تعالی نئے اسلامی سال کو پاکستان کے لیے امن اور ترقی کا سال بنائے۔ وزیراعلی مریم نواز نے محرم الحرام و اسلامی سال کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا کہ دعا ہے کہ نیا ہجری سال دنیا میں امن و سکون اور خوشحالی و خوشیاں لائے، پاکستان، پاکستانی قوم اور عالم اسلام کیلئے باعث رحمت و برکت ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں نواسہ رسولﷺ سیدنا امام حسین کی عظیم شہادت کی یاد دلاتا ہے۔ حضرت امام حسین کا پیغام ہر دور کے مظلوم کو حوصلہ دیتا ہے اور ظالم کو للکارتا ہے۔ محرم الحرام میں اختلاف اور تفرقہ نہیں، تحمل کو اپنائیں۔ پنجاب حکومت نے محرم الحرام میں امن و امان کی فضا کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے ہیں۔ سوشل میڈیا پر منافرت اور فرقہ واریت پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں میں ڈرون کوریج پر مکمل پابندی ہے،خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔