Live Updates

سپیکر پنجاب اسمبلی کا پی ٹی آئی کے 26 اراکین کیخلاف آج ہی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان

ایوان میں 50 سے 60 ارکان مسلسل غنڈہ گردی کرتے ہوئے حکومتی بینچوں پر حملہ آور ہوتے ہیں، تمام معاملات اصول و ضوابط کے مطابق نمٹائے جا رہے ہیں؛ ملک محمد احمد خان کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 جون 2025 12:44

سپیکر پنجاب اسمبلی کا پی ٹی آئی کے 26 اراکین کیخلاف آج ہی ریفرنس الیکشن ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جون 2025ء ) مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پی ٹی آئی کے 26 اراکین کے خلاف آج ہی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایوان میں 50 سے 60 ارکان مسلسل غنڈہ گردی کرتے ہوئے حکومتی بینچوں پر حملہ آور ہوتے ہیں، اپوزیشن لیڈر کی جانب سے بتایا گیا ہے ان کے بعض ارکان پارلیمانی لیڈر کی ہدایات کو نہیں مان رہے جو آئینی اور پارلیمانی روایت کی سنگین خلاف ورزی ہے، پارلیمانی لیڈر کی بات نہ ماننے والوں کے خلاف ریفرنس اسمبلی قواعد کے مطابق متعلقہ فورمز پر بھیجا جائے گا کیوں کہ ہم ہمیشہ آئین، قانون، اور جمہوری و پارلیمانی اقدار کی پاسداری کے لیے کوشاں رہے ہیں اور اسمبلی کے تقدس کا تحفظ ہر رکن کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ایوان میں اپوزیشن ارکان کا رویہ نہایت افسوسناک رہا ہے، 2014ء میں بھی پی ٹی آئی نے دھاندلی کے الزامات لگانے کی کوشش کی تھی اور اب ایک بار پھر ایوان کو یرغمال بنانے کی روش اپنائی جا رہی ہے، پنجاب اسمبلی میں حکومت کو واضح اکثریت حاصل ہے اور نظام کو کسی صورت میں چند افراد کی ہنگامہ آرائی کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اسپیکر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں کل نشستوں پر 37 انتخابی عذرداریاں داخل کی گئی ہیں اور یہ تمام معاملات اصول و ضوابط کے مطابق نمٹائے جا رہے ہیں، اپوزیشن کو ایوان میں زیادہ سے زیادہ وقت دیا گیا لیکن اس کا جواب بد نظمی اور حملہ آور طرز عمل سے دیا گیا، کور کمانڈر ہاؤس، ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگانے کا ذمہ دار کون ہے؟ میانوالی جیل سے قیدیوں کو کس نے نکالا؟ عدالتوں پر اسلحہ برداروں کے ساتھ کس نے حملہ کیا؟ اور وفاق پر 500 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ چڑھائی کرنے والا کون تھا؟۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات