ورلڈ لبرٹی فنانشل کیساتھ شراکت داری سے پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگئی

اتوار 29 جون 2025 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)پاکستان ڈیجیٹل معیشت اور ٹیک ڈپلومیسی کے نئے دور میں داخل ہوگیا، معروف کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری نے امریکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کر دی، وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب کی امریکا میں اعلیٰ سطح پر ملاقاتوں کے ذریعے کرپٹو سفارت کاری کا آغاز ہوا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب کی قیادت میں پاکستان کرپٹو کونسل کی جانب سے اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو کا اعلان کرنے کے بعد حکومت پاکستان نے اے آئی اور بلاک چین بِٹ کوائن مائننگ میں 2 ہزار میگاواٹ بجلی مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔معروف کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری نے امریکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کر دی، ویب تھری اور بلاک چین کمیونٹی کے فروغ میں بھی بلال بن ثاقب کانمایاں کردار ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 4 جون 2025 کو وزیر مملکت برائے کرپٹو و بلاک چین اور پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے سی ای او بلال بن ثاقب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ڈیجیٹل اثاثوں کی کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، رابرٹ ’بو‘ ہائنس سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کرکے ڈیجیٹل اثاثوں پر اسٹریٹجک صف بندی پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ملاقات کے دوران دونوں حکام نے ’بٹ کوائن‘ کے انضمام، ڈی سینٹرالائزڈ انفرااسٹرکچر کے مستقبل پر گفتگو کی تھی۔

بو ہائنس کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری 2025 میں ڈیجیٹل اثاثوں کی جدت، ریگولیشن اور ابھرتی ہوئی مالیاتی ٹیکنالوجیز سے متعلق قومی پالیسی کی تیاری کی قیادت کے لیے مقرر کیا تھا۔مئی میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکٹو افسر بلال بن ثاقب کو وزیر مملکت کے درجے کے ساتھ بلاک چین اور کرپٹو کرنسی پر اپنا معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔