Live Updates

نمبر پلیٹ تبدیلی کے نام پر شہریوں پر نیا مالی بوجھ ناقابلِ قبول ہے، ولید رضا شہیدی

عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری کے ہاتھوں پسے ہوئے ہیں،سرپرست اعلیٰ انجمن طلبا اسلام کراچی

اتوار 29 جون 2025 16:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)انجمن طلبا اسلام کراچی کے سرپرست اعلی صاحبزادہ محمد ولید رضا شہیدی نے سندھ حکومت کی جانب سے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی لازمی تبدیلی کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام پر ایک غیر منصفانہ اور غیر ضروری مالی بوجھ قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر حکومت عوامی مفاد میں نئی نمبر پلیٹس جاری کرنا چاہتی ہے تو ان کا تمام تر مالی بوجھ بھی خود برداشت کرے، نہ کہ اسے شہریوں کی جیب پر منتقل کرے۔

یہ سراسر استحصالی اقدام ہے کہ شہریوں کو نمبر پلیٹس کی تبدیلی پر مجبور کیا جائے اور پھر انکار کی صورت میں جرمانے کی تلوار لٹکائی جائے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری، اور بدترین بلدیاتی سہولیات کے ہاتھوں پسے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اب ان پر ایک اور بوجھ ڈالنا ظلم سے کم نہیں۔ محمد ولید رضا شہیدی نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ دنیا کے مہذب ممالک میں اگر نمبر پلیٹ کی تبدیلی کا فیصلہ لیا جاتا ہے تو وہاں ریاست اپنی عوام کو یا تو مفت پلیٹ مہیا کرتی ہے یا معمولی فیس کے عوض یہ سہولت فراہم کرتی ہے۔

جرمنی، برطانیہ اور امریکہ جیسے ممالک اس کی روشن مثالیں ہیں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا یہ اعلان صرف کراچی کے شہریوں کو ہدف بنانے کے مترادف ہے،کیونکہ شہری سندھ میں پہلے ہی ٹریفک، بلدیہ، اور انتظامی اداروں کی نااہلی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ ولید رضا شہیدی نے حکومتِ سندھ سے دو ٹوک مطالبہ کیا کہ شہریوں کو بلا معاوضہ نمبر پلیٹس فراہم کی جائیں، اس فیصلے پر عائد جرمانے کا نفاذ فوری طور پر واپس لیا جائے، اور عوامی اصلاحات کا آغاز سہولت، شعور اور مشاورت کی بنیاد پر کیا جائے، انہوں نے کہا کہ طلبا اسلام کراچی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہر اس اقدام کی مخالفت کرے گی جو شہریوں کے بنیادی حقوق اور مالی آزادی پر حملہ کرے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ ریاست اور شہریوں کا رشتہ باہمی اعتماد، خدمت اور شفافیت پر قائم ہونا چاہیے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات