لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام حکومتی نااہلی ،کرپشن کی نذر ہو چکا ہے‘ضیاء الدین انصاری

حکومت صرف اشتہارات میں ترقی دکھا رہی ہے، زمین پر کچھ نظر نہیں آتا‘امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 30 جون 2025 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی سست روی، ناقص منصوبہ بندی اور بدانتظامی پر حکومت پنجاب کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام حکومتی نااہلی اور کرپشن کی نذر ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساندہ روڈ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر صدر پبلک ایڈ کمیٹی لاہور وقاص احمد بٹ، کنوینئر کمیٹی قیصر شریف، سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور شاہد نوید اور سیکرٹری اطلاعات عبدالعزیز عابد بھی شریک تھے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے پہلے مرحلے کی 30 جون کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود صرف 30 فیصد کام بھی مکمل نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گلبرگ زون کی 30 کروڑ 50 لاکھ، راوی زون کی 3 ارب 28 کروڑ، سمن آباد زون کی 1 ارب 15 کروڑ اور شالیمار زون کی 40 کروڑ روپے کی اسکیمیں یا تو صرف کاغذوں تک محدود ہیں یا فنڈز سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واسا نے مون سون بارشوں سے قبل جامع منصوبہ بندی نہیں ہے، زیر زمین واٹر ٹینک منصوبہ بھی تاحال مکمل نہیں ہوا ہے۔ لاہور کی سڑکیں اور گلیاں بارش کے چند گھنٹوں میں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں، جبکہ سیوریج اور نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ شہری علاقوں میں گندے پانی، تعفن اور بیماریوں نے ڈیرے جما لیے ہیں۔

ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے، جس کی وجہ سے گلی محلوں میں کوئی عوامی نمائندہ موجود نہیں۔ بلدیاتی نظام کی غیر موجودگی نے عوامی مسائل کو بے قابو کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی لاہور، پبلک ایڈ کمیٹی کی سطح پر عوامی رابطے کو بڑھا رہی ہے اور جلد یونین کونسل سطح پر عوامی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر پلیٹ فارم پر عوام کی آواز بنے گی اور جدوجہد جاری رکھے گی۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے واضح کیا کہ ''حکومت صرف اشتہارات میں ترقی دکھا رہی ہے، زمین پر کچھ نظر نہیں آتا۔ عوام لاوارث ہو چکے ہیں اور حکومتی مشینری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹرانسپورٹ کی کمی باعث میٹرو بس ٹائم رات 12 بجے تک کیا جائے۔