ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مری کے دفتر میں طلباء کے لئے ووٹر آگاہی سیشن کا انعقاد

پیر 30 جون 2025 16:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مری کے دفتر میں طلباء کے لیے ایک اہم ووٹر آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد طلباء میں جمہوری شعور بیدار کرنا اور انتخابات کے نظام سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ سیشن ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مری رضوانہ لطیف کی زیر نگرانی منعقد کیا گیا جس میں گورنمنٹ ہائی سکول لوئر ٹوپہ کے طلباء نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ ایک قومی امانت ہے اور اس کا صحیح استعمال ایک باشعور معاشرے کی پہچان ہے، آج کے طلباء کل کے ووٹر اور قائد ہیں،ان میں انتخابی عمل سے متعلق شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلباء نہ صرف ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں بلکہ خود بھی معاشرتی بہتری کے لئے سرگرم کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جمہوریت کی جڑیں اس وقت ہی مضبوط ہوں گی جب ہر شہری خاص طور پر نوجوان اپنے آئینی حقوق اور ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہوں گے ۔ سیشن میں مختلف معلوماتی پریزنٹیشنز، سوال و جواب کے سیشنز اور طلباء کی شرکت پر مبنی سرگرمیاں شامل تھیں جنہوں نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی۔