د*نظریاتی سمر کا سولہواں روز‘ دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہی: مقررین

پیر 30 جون 2025 18:05

۱لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2025ء) نئی نسل پاکستان کا مستقبل ہے اور ہمارے بچے بڑے باصلاحیت ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ہمارے آباواجداد نے بڑی قربانیوںکے بعد پاکستان حاصل کیا لہٰذا ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے۔دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے۔ والدین اور اساتذہ کرام کا ادب و احترام کریں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں جاری نظریاتی سمر سکول کے سولہویں روز طلباوطالبات سے خطاب کے دوران کیا۔

اس سکول کا ماٹو ’’ پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔ سابق ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چاولہ نے کہا آج میری زندگی کا خوش قسمت ترین دن ہے کہ میں قوم کے ہونہار بچوں سے ملاقات کرر ہا ہوں۔

(جاری ہے)

آپ اپنی سوچ کو ہمیشہ تعمیری رکھیں اور سوشل میڈیا کامثبت استعمال کریں۔ آپ کے والدین نے نظریاتی تعلیم وتربیت کی غرض سے آپ کو یہاں بھیجا ہے ، آپ دل لگا کر تعلیم حاصل کریں اور مشاہیر تحریک پاکستان کی حیات وخدمات کا مطالعہ کریں۔

آپ نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ تنقید برائے تنقید کی بجائے تنقید برائے اصلاح کریں۔ اپنی زندگی میں جہدِ مسلسل سے کام لیں اور کبھی مایوس نہ ہوں۔ نئی نسل ہمارا مستقبل ہے ‘ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم پاکستان کی تعمیروترقی کیلئے دن رات کوشاں ہوں اور آپ بچے بھی بڑے ہو کر اس ملک کی خدمت کرنے کا عزم کریں۔ معروف سماجی شخصیت و سہارا ویلفیئر فائونڈیشن ناروے کے چیئرمین حافظ محمد اسلم حق نے کہا آزادی حاصل کرنے کیلئے ہمارے آباواجداد نے جان ومال کی لازوال قربانیاں دیں۔

آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں۔ یہاں موجود بچوں کا اعتماد دیکھ کر مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے۔مشاہیر تحریک پاکستان نے جہدِ مسلسل سے اپنا منفرد مقام بنایا ، آپ بھی دن رات محنت کریں اور بڑے ہو کر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔اساتذہ کا ادب کریں اور والدین کا ہر حکم مانیں۔امانت میں خیانت نہ کریں۔ انہوں نے کہا خدمتِ خلق راحتِ قلب کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔

آپ بھی اپنے اردگرد کسی مستحق فرد کو دیکھیں تو اسکی ہر ممکن مدد کریںیہ رضائے الٰہی کا سبب ہے۔دکھی انسانیت کی خدمت سے جو آپ کو خوشی محسوس ہو گی اسی میں کامیابی کا راز چھپا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر طرح کی نعمتوں سے نواز رکھا ہے۔ اسلام کے نام پر قائم ہونیوالا یہ ملک انشاء اللہ تا قیامت قائم ودائم رہے گا۔