راناثنااللہ اور پی ایس بی حکام کی کاوشوں سے باڈی بلڈنگ کے کھیل میں شفافیت کا نیا دورشروع ہوا ہے، صدرورلڈ باڈی بلڈنگ

پیر 30 جون 2025 20:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)ورلڈ باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک سپورٹس فیڈریشن اور ایشین باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر داتوک پال چوا نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد یاسر پیرزادہ کی کھیلوں میں غیر مجاز تنظیموں کے خاتمے اور پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے کامیاب انتخابات کے انعقاد کیلئے کوششوں کو سراہا ہے۔

اپنے ایک خط میں صدر پال چوا نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سنگاپور میں پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سہیل انور کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں باڈی بلڈنگ کے فروغ سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ورلڈ باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک سپورٹس فیڈریشن ان تمام صوبائی، سرکاری، نیم سرکاری، ایسوسی ایشنز، اداروں اور تکنیکی کمیٹیوں کے ساتھ الحاق کی حمایت کرتی ہے جو صدر طارق حسن کی قیادت میں قائم باڈی بلڈنگ فیڈریشن سے منسلک ہونا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ان کھلاڑیوں اور عہدیداروں کیلئے فائدہ مند ہوگا جو ماضی میں غیر تسلیم شدہ تنظیموں کے جھانسے میں آ چکے تھے۔ پال چوا نے واضح کیا کہ الحاق کے خواہش مند اداروں کو پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے قواعد و ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی کیونکہ یہ فیڈریشن اب دیانت، شفافیت اور کھلاڑیوں کی فلاح کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ ورلڈ باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک سپورٹس فیڈریشن اور ایشین باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر داتوک پال چوا نے پاکستان سپورٹس بورڈ کی رہنمائی اور مسلسل تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا۔