Live Updates

کراچی میں پولیس کی جانب سے سبیلیں اکھاڑنا قابل مذمت، کاشف حیدری

سبیل لگانے والے نوجوانوں پر تشدد پولیس گردی کی بدترین مثال، محرم میں سبیل لگانے والوں پر تشدد ناقابل برداشت ہے

پیر 30 جون 2025 21:30

کوئٹہ/ کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2025ء)بلوچستا ن کے معروف تا جر اور سماجی رہنما کاشف حیدری نے کراچی میں محرم الحرام کے دوران عزاداروں اور عوام کے لیے لگائی گئی پانی کی سبیل کو پولیس کی جانب سے زبردستی اکھاڑنے اور سبیل لگانے والے نوجوانوں پر بہیمانہ تشدد کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف مذہبی رواداری، انسان دوستی اور خدمت خلق کے جذبے کی توہین ہے بلکہ آئینی و شہری آزادیوں پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی سبیل لگانا کوئی جرم نہیں بلکہ امام حسین کی عظیم قربانی کی یاد اور خدمت خلق کا عظیم عمل ہے جس پر طاقت کا استعمال ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقدس اور فلاحی عمل کو روکنا اور بے گناہ نوجوانوں پر پولیس تشدد کرنا پولیس گردی کی واضح مثال ہے، جو ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

کاشف حیدری نے کہا کہ عزاداری ہمارا آئینی، قانونی اور مذہبی حق ہے، اسے محدود کرنے یا دبانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا، اور کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ محرم الحرام کے تقدس کو پامال کرے۔

انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلی سندھ، وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری انکوائری کی جائے، ملوث پولیس اہلکاروں کو نشان عبرت بنایا جائے اور ملک بھر میں سبیلوں، مجالس اور جلوسوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اس طرح کے واقعات دوبارہ پیش آئے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے، احتجاج اور آئینی مزاحمت کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات