سرینگر، بھارتی پولیس کا پی ڈی پی کے احتجاجی مارچ پر دھاوا ،متعدد مظاہرین گرفتار

منگل 1 جولائی 2025 16:19

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں کشمیری نوجوانوں کی طویل نظربندی ،سرینگر میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی، بجلی کے زیادہ ٹیرف کے خلاف حتجاجی مارچ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی کے رہنما ئوںاور کارکنان سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر کے قریب جمع ہوکرلال چوک سٹی سینٹر کی طرف مارچ کیا۔

بھارتی پولیس کی طرف سے مظاہرین پر منتشر ہونے کی ہدایت کے باوجود انہوں نے اپنا مارچ جاری رکھا۔ بعد ازاں پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو روک کر متعدد کو گرفتار کرلیا ۔پی ڈی پی کے جنرل سکریٹری عبدالحق خان اور محمد خورشید عالم اور سینئر لیڈر غلام نبی لون اور سید بشارت بخاری کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔

(جاری ہے)

پارٹی کی خواتین ونگ کی رہنمائوں کو بھی حراست میں لیا گیاہے۔

غلام نبی لون نے گرفتار ی سے قبل پر امن مظاہرین کے خلاف پولیس کی کارروائی کو آمریت قراردیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پینے کے پانی کی عدم فراہمی ،مہنگی بجلی اور نظربند کشمیری نوجوانوں کی رہائی کیلئے پرامن مارچ کرنے کی کوشش کی تاہم بھارتی قابض انتظامیہ اور عمر عبداللہ حکومت نے انہیں پرامن احتجاج کی اجازت نہیں دی ۔