پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،سردار عتیق احمد خان

بھارتی قابض افواج ظلم و ستم کے ذریعے کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے کی ناکام کوششیں کر رہی ہیں

منگل 1 جولائی 2025 16:42

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان سے مجاہد منزل راولپنڈی میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں ممتاز کشمیری رہنما سید یوسف نسیم ایڈووکیٹ، سابق کنوینئر محمود احمد ساغر، سیکرٹری جنرل پرویز احمد ایڈووکیٹ، مشتاق احمد بٹ، زاہد صفی، سید اعجاز رحمانی، راجہ خان افسر خان اور نجیب الغفور سمیت دیگر شامل تھے۔

ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ تشویشناک صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے مقبوضہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض افواج ظلم و ستم کے ذریعے کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے کی ناکام کوششیں کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حریت رہنماؤں نے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی جیل میں بگڑتی ہوئی صحت پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے حریت وفد کی آمد کو سراہتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دنیا کے ہر فورم پر ان کے حقِ خودارادیت کی آواز بلند کی جاتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری عوام کے عزم و حوصلے میں کوئی کمی نہیں آئی۔ یہ تحریک ایک دن ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔